مقبوضہ کشمیر :زیرحراست نوجوان شہید فوجی کیمپ پر حملہ 2 اہلکار ہلاک یاسین ملک گرفتار
سرینگر (اے این این+ کے پی آئی+ نوائے وقت رپورٹ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں سرحدی ضلع کپواڑہ میں ایک اور نوجوان کی گولیو ں سے چھلنی نعش برآمد ہوئی ہے۔ جواں سال شہری کی موت پر علاقے میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی، ہڑتال کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا، بھارتی فوجیوں نے مذکورہ نوجوان شاہ نواز کو ایک ہفتے قبل گھر سے گرفتار کیا تھا۔ نوجوان کی موت کی خبر سنتے ہی کرالہ گنڈ علاقے میں دکانیں بند ہوگئیں اور مکمل ہڑتال کی جبکہ ہندواڑہ بارہ مولہ شاہراہ پر لوگو ں نے واقعہ کیخلاف دھرنا دیا اور اس واقعہ کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ادھر مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں مجاہدین نے بھارتی فوج کے کیمپ پر دھاوا بول کر 2 اہلکار واصل جہنم کر دئیے، 5 زخمی ہوئے۔ پلوامہ میں 182بٹالین سی آر پی ایف پر مجاہدین نے گزشتہ روز اس وقت حملہ کردیا جب تمام اہلکار معمول کی ڈیوٹی پر مامور تھے۔ مجاہدین نے پہلے گرینیڈ داغے اور پھر فائرنگ شروع کردی۔ ادھرپلوامہ کے پڈگام پورہ کے علاقے میں3 نوجوانوں کی شہادت کے خلاف تیسرے روز بھی ہڑتال رہی ۔اسیر سیاسی قیدیوں اور نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے فریڈم پارٹی نے سرینگر میں احتجاج کیا۔ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ بانڈی پورہ نے حریت رہنما مسرت عالم کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16مارچ تک توسیع کر دی۔ مقبوضہ کشمیر میں عدالت عالیہ نے مسلم لیگ جموں وکشمیر کے سینئر رہنما عبدالاحد پرہ سمیت 9 بے گناہ کشمیریوںکی نظربندی کو کالعدم قراردیا ہے۔ انہیں کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ حریت کانفرنس نے جیلوں میں نظربند حریت پسند کشمیریوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ اور پولیس آزادی پسندوں کو انتقام کا نشانہ بنارہی ہیں۔دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا بھارتی ریاست اترپردیش کے انتخابی نتائج نے واضح کر دیا ہے کہ بھارت ایک ہندو راشٹر میں تبدیل ہوچکا ہے اور کشمیر اس ہندو راشٹر کا نہ کبھی حصہ تھا اور نہ مستقبل میں اس کا حصہ ہوگا۔ محمد یاسین ملک نے کہا تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ عظیم شخصیات کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت میں رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ عوامی اتحاد پارٹی اے آئی پی سربراہ انجینئر رشید نے کہا دراصل جموں و کشمیر میں جان بوجھ کر جائز سیاسی تحریک سے چھٹکارا پانے کیلئے نئی دہلی حکومت مذہبی اور لسانی نفرتیں پیدا کر رہی ہے ۔ علاوہ ازیں بھارتی میڈیا نے کہا ہے کہ کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا۔ یاسین ملک نے آج احتجاج کا اعلان کیا تھا۔