مالاکنڈ‘ روہڑی شاہراہوں کی تعمیرو مرمت کا کام تیز کر دیا گیا
اسلام آباد (مسعود ماجد سید) نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے سی پیک کے ساتھ مالاکنڈ ڈویژن میں قومی شاہرات کی تعمیرومرمت کیلئے دوست ملکوں اور ایشائی ترقیاتی بنک کی مالی معاونت سے منصوبوں کو تیز کر دیا، نئے منصوبوں میں بحرین تا کالام این 95شاہراہ کی تعمیر اور چکدرہ تا فتح پور این 95شاہراہ کی تعمیر شامل ہے جنہیں علی الترتیب اے ڈی بی کی مالی امداد اور سعودی گرانٹ سے مکمل کیا جائے گا۔ این ایچ اے کے مطابق ملاکنڈ ایجنسی میں تین ہائی ویز ہیں جو کہ این ایچ اے کے زیر انتظام ہیں ان میں نوشہرہ چترال این 45، چکدرہ کالام این 95شاہراہ اور خوازہ خیلہ شانگلہ این 90 شاہرات شامل ہیں۔ قومی شاہراہ این 45 نوشہرہ سے شروع ہو کر چترال میں اختتام پذیر ہوتی ہے۔ حکومت پاکستان نے 6.4کلومیٹر رابطہ سڑکوں اور دوسرنگوں پر مشتمل ملاکنڈ کراسنگ تعمیر کر نے کا بھی منصوبہ تشکیل دے دیا ہے۔ملاکنڈ ٹنلک کے علاوہ رشکئی تا چترال این 45کے تین روڈ سیکشنوں کو منتخب کیا گیا ہے جن کیلئے مالی امداد اور جنوبی کوریا کا ایگزم بنک دے گا۔ ایکنک نے سکیم کے پی سی ون کی منظوری بھی دے دی ہے اور کنسلٹنس کا چناؤ کیا جا رہا ہے۔ جبکہ تیسرے سیکشن (کلکاتک تا چترال 48کلومیٹر) کی تعمیر کیلئے کنٹریکٹر کے پیشگی حصول کا معاملہ اقتصادی امور ڈویژن کے سامنے رکھا گیا ہے اور جنوبی کوریا کے ایگزم بنک سے اتفاق راے ٔ بھی ہو گیاہے۔ علاوہ ازیں مندرجہ ذیل دو سیکشنوں کو فیز ٹو میں رکھنے پر غور کیا جارہا ہے جن میںاول چکدرہ تیمرگرہ38.85کلومیٹر اور دوئم اخاگرام دیر 43.39کلومیٹر شام ہیں۔ 1.0ارب روپے کی لاگت سے تین منصوبے حال ہی میں مکمل کر لئے گئے ہیں ان میں مدین بحرین 15کلومیٹر، الپوری بشام32کلومیٹر اور چکدرہ تا بالائی دیر شاہرات شامل ہیں۔