سی پیک سے پاکستان میں معاشی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی: آسٹریلوی ہائی کمشنر
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مار گریٹ ایڈمسن نے کہا ہے کہ آسٹریلیا پاکستان کی سالمیت کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان کو درپیش چیلنجز کے دوران اس کی ہر ممکن مدد کی اور یہ عمل آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ اسلام آباد کو اپنی زرعی اجناس کے فروغ کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کیا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان میں مزید بہتری آئی۔ مستقبل میں بھی اپنے تعلقات کو بہتر بنانا ہدف ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم ایک بلین ڈالر تک ہو چکا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت درست سمت کی طرف بڑھ رہی ہے۔ پاکستان کو زرعی اجناس کے فروغ پر اس پر خصوصی توجہ دینا ہو گی یہ پاکستان کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی میں بڑی تعداد میں بیگناہ پاکستانیوں کی جانیں گئیں جس پر پوری آسٹریلوی عوام کو دکھ ہے۔ پاکستان کی معیشت آہستہ آہستہ بہتری کی طرف بڑھ رہی ہے کیونکہ ان کا اکنامک ریفام ایجنڈا بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا رحجان بڑھ رہا ہے سی پیک سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے علاوہ معاشی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی دیگر ممالک کی طرح آسٹریلوی کمپنیاں بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔