• news

.وزیراعظم پانامہ کیس فیصلے کیخلاف اپیل نہیں کرینگے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ سپریم کورٹ پر اثرانداز ہونے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پی ٹی آئی عوامی حلقوں میں غلط تاثر پھیلا رہی ہے‘ ملکی اداروں کی توہین کی جا رہی ہے‘ عمران کے خلاف فیصلے آتے ہیں تو بہتان تراشی کرتے ہیں۔ وزیراعظم کسی ادارے پر اثرانداز نہیں ہوئے، ایک بھی ایسی بات نہیں کی جس سے اثرانداز ہونے کا اثر آتا ہو۔ نوازشریف نے بہت سے فیتے کاٹے ہیں جس سے عمران خان کو تکلیف ہو رہی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے ہی بیانات شروع ہوگئے ہیں‘ ہمیں عدالتوں پر اعتبار ہے اور ہم فیصلے کو قبول کریں گے۔ وزیراعظم کو استثنیٰ حاصل ہے لیکن پھر بھی انہوں نے خود کو پیش کیا۔ انہوں نے کبھی اسکا فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کی۔ مسلم لیگ (ن) کیخلاف غلط تاثر پھیلایا جا رہا ہے‘ سوشل میڈیا پر مسلم لیگ کیخلاف طوفان برپا کر دیا گیا ہے۔ اداروں کو مسلم لیگ (ن) کا حصہ قرار دیکر انکی توہین کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حق میں فیصلہ نہ آئے تو عمران بہتان تراشی شروع کر دیتے ہیں‘ معیشت لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کے معاملات پر حکومت نے قابو پایا۔ 19 برس بعد مردم شماری کا سہرا بھی نوازشریف کے سر ہے۔ سٹاک ایکسچینج ایشیا کی سب سے بڑی ایکسچینج بنتی ہے۔ پاکستان میں غربت اور کرپشن میں کمی ہوئی ہے‘ پانامہ کے اوپر سیاست چمکائی گئی اور میڈیا ٹرائل کیا گیا۔ سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کریگی، وزیراعظم اس کیخلاف اپیل میں بھی نہیں جائیں گے۔ نوازشریف کی سیاست پاکستان کے لوگوں اور ترقی کی سیاست ہے‘ کسی کی بہنوں اور بیٹیوں پر الزامات کسی طور پر قبول نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن