• news

حکومت سودی نظام ختم کرے‘ عدالت سے اپیل واپس لے: جماعت اسلامی کے کنونشن میں مطالبہ

لاہور/ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار + صباح نیوز) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت اپنی اپیل واپس لے کر سودی نظام کا خاتمہ کرے، سودی نظام کا خاتمہ قرآن وسنت اور آئین پاکستان کا تقاضا ہے، سود یہودیوں کا تحفہ اور استحصالی معیشت کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے، سودی نظام معیشت کو ترقی نہیں دے سکتا، اسمبلی عدالتوں اور چوراہوں پر سودی نظام کے خلاف لڑیں گے اور اس جدوجہد میں پوری قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اسلام آباد میں انسداد سود کنونشن سے خطاب اور وفاقی شرعی عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ 1991 ء میں شرعی عدالت نے یہ فیصلہ دیا تھا کہ ملکی اداروں میں سودی کاروبار کا خاتمہ کیا جائے۔ وہ فیصلہ آئین کے مطابق بالکل درست تھا۔ سود کو ختم کرنے کا حکم اللہ اور اسکے رسولؐ نے دیا۔ انہوں نے خیبر پی کے اسمبلی کی طرف سے لائے گئے قانون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے پورے معاشرے میں سود کے لین دین پر پابندی عائد کر دی اس لئے وفاقی حکومت بھی اس طرح کے اقدامات اٹھائے کیونکہ سود یہودیوں کا تحفہ ہے، سودی نظام پر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ اس نظام میں امیرامیر سے امیر جا رہا ہے اور غریب ، غریب تر ہوتا جا رہا ہے ۔ سودی نظام کی وجہ سے پورا معاشرہ تباہ ہو رہا ہے ۔ ایک سوال پر انہو ںنے کہا کہ اسلام میں سود کا کوئی تصور نہیں ، جس شکل میں بھی ہو سود حرام ہے ۔ اگر کوئی الفاظ کے ہیر پھیر سے اس نظام کو چلانا چاہے تو اسکو نظام چلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سودی نظام کو جاری رکھنا قائداعظمؒ اور شہدائے پاکستان سے غداری ہے۔ نوازشریف نے مسجدنبوی میں میرے ساتھ سودی نظام کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا مگر افسوس اتنا عرصہ گزر جانے پر بھی یہ وعدہ وفا نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بنک ملک سے سود ختم کرنے کیلئے ڈیڈ لائن دے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں پانامہ کیس کا فیصلہ آجائے گا۔ اپریل میں تحفظ ناموس رسالت اور انسداد سود کی تحاریک چلائیں گے۔ کنونشن کے اختتام پر جاری اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت سودی نظام معیشت کو فوری ختم کرکے شریعت پر مبنی غیر سودی نظام بنکاری تشکیل دے۔ عوام سودی کھاتوں سے اپنی رقوم نکالیں اور بلاسود سرمایہ کاری پر توجہ دیں۔ اعلامیہ کے مطابق اسلام میں ہر قسم کا سود حرام ہے۔ کنونشن سے تحریک انصاف کے رہنما اعجاز احمد چودھری مفتی سعید، علامہ ساجد نقوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن