اسلام آباد: ایاز صادق سے سپیکر کرغیزستان کی ملاقات، باہمی امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے کرغیزستان کے سپیکر کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات ، علاقائی ترقی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہائوس میں پیر کے روز ہونے والی ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور کرغیزستان تاریخی وثقافتی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں پاکستان کرغیزستان کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے یہی وجہ ہے کہ آپس کی صلاحیتوں اور وسائل سے استفادہ کرنے کیلئے پاکستان کرغیزستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی روابط کو بھی مضبوطی کے ساتھ پروان چڑھانا چاہتا ہے تاہم پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے ہی تجارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشیائی ممالک کے مابین روابط کا محور ہے اور چاہتا ہے کہ خطے کے وسائل سے استفادہ اور پائیدار ترقی کرنے کیلئے باہمی روابط کو استحکام بخشا جائے پاکستان اس سلسلے میں اپنا کردار موثر انداز میں ادا کرتا رہے گا، کرغیزستان کے سپیکر نے ایشیائی ممالک میں باہمی روابط قائم کرنے اور علاقائی ترقی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے ساتھ معاشی و تجارتی تعلقات میں اضافے کیلئے کوشاں ہیں اس موقع پر پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی ہوئے جس میں پارلیمانی روابط کے فروغ کا اعادہ کیا گیا ۔