• news

مولانا فضل الرحمن کی سمیع الحق سے ملاقات، دینی جماعتوں کے اتحاد پر زور

صوابی( این این آئی)جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کے دورہ صوابی کے موقع پر جے یو آئی (ف)، جے یو آئی (س)اور جے یو آئی (ن)کی قیادت کی ملاقات ہو گئی۔ مولانا فضل الرحمن گذشتہ شام موضع کوٹھا میں صوبائی نائب اور ضلعی امیر مولانا عطاءالحق درویش کے والد حاجی مطیع اللہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد واپس جارہے تھے جہاں انہوں نے دارلعلوم سعیدیہ کوٹھا میں جے یو آئی ( نظریاتی) کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا خلیل احمد کے ساتھ انکے ماموں مولانا سعید الرحمن کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کیلئے گئے۔ اس دوران مولانا سمیع الحق مرکزی امیر جے یو آئی (س)جو مولانا عطاءالحق درویش کے ساتھ تعزیت اور فاتحہ خوانی کیلئے آرہے تھے، وہ بھی دارالعلوم سعیدیہ پہنچے۔ اس دوران مولانا فضل الرحمن، مولانا سمیع الحق اور مولانا خلیل احمد مخلص کے مابین خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر موجود تھے اس موقع پر مولانا فضل الرحمن اور مولانا سمیع الحق نے موجودہ حالات کے تناظر میں دینی جماعتوں کے اتحاد و اتفاق پر زور دیا اور کہا کہ در پیش مشکلات کے ازالے کیلئے اور ان حالات میں دینی قوتوں کا اتحاد نا گزیر ہے۔
فضل الرحمن /ملاقات

ای پیپر-دی نیشن