مستقبل میں مسلم لیگ ن میں دوبارہ شمولیت کا آپشن موجود ہے: جاوید ہاشمی
لاہور (این این آئی) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے واضح کیا ہے ان کے پاس مستقبل میں مسلم لیگ (ن) میں دوبارہ شمولیت کا آپشن موجود ہے تاہم ابھی تک انہوں نے اس بارے کوئی فیصلہ نہیں کیا، فوج کی مداخلت کا راستہ صرف سول قیادت کی شفافیت سے روکا جاسکتا ہے، وزیراعظم نواز شریف، آصف علی زرداری اور عمران خان سمیت سول اور عسکری سطح پر بھی ہر ایک کا احتساب ہونا چاہیے تاکہ نظام کو مضبوط بنایا جا سکے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ اگرچہ مسلم لیگ ن کے ساتھ میرے اختلافات موجود ہیں، لیکن میں کل بھی مسلم لیگی تھا اور آج بھی ہوں اور میں دفن بھی لیگی پرچم میں ہوں گا کیونکہ یہ جماعت میرے سب سے قریب ترین ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست اسی وقت ہوسکتی ہے جب آپ کوئی نئی جماعت بنا کر سامنے آئیں لیکن میرے پاس اتنے وسائل نہیں کہ خود کوئی جماعت بنا سکوں اور نہ ہی کبھی اکیلے سیاست کرنے کا سوچا۔ میں پاکستان تحریک انصاف میں بھی اس لیے آیا تھا کہ اسے مستحکم بنا سکوں مگر وہ لوگ پارلیمانی سیاست کرنا نہیں جانتے۔ مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں شمولیت سے قبل ان کے فوج کے ساتھ رابطوں کا معلوم نہیں تھا لیکن جیسے ہی پارٹی میں آیا تو غلطی کا احساس ہوا لہٰذا انہیں سمجھانے کی کوشش کی مگر ناکامی پر پارٹی کو چھوڑنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔ جاوید ہاشمی نے واضح کیا اگر کرپشن کی شرح اسی طرح بڑھتی رہے گی اور ادارے اپنا کام نہیں کریں گے تو ممکن ہے فوج کو مداخلت کرنا پڑے۔