• news

سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کیخلاف تحریک حرمت رسولؐ کا جمعہ کو احتجاج کا اعلان

لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک حرمت رسولؐ نے سوشل میڈیا پر شان رسالتؐ میں گستاخیوں کیخلاف17مارچ جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان کر دیا۔ لاہور، اسلام آباد،ملتان، کراچی، کوئٹہ اور پشاورسمیت چاروں صوبوں و آزادکشمیر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین خطبات جمعہ میں تحفظ حرمت رسولؐ کو موضوع بنائیں گے اور سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی گستاخیوں کیخلاف مذمتی قراردادیں پاس کی جائیں گی۔ تحریک حرمت رسولؐ کے چیئرمین مولانا امیر حمزہ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، پیر سید ہارون علی گیلانی،حافظ عاکف سعید، قاری یعقوب شیخ، مولانا عبدالرئوف فاروقی، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، حافظ عبدالغفار روپڑی اورخواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے اپنے بیان میں کہاکہ تحفظ حرمت رسولؐ کے مسئلہ پرتمام مذہبی، سیاسی و سماجی تنظیموں کو مل کر مضبوط حکمت عملی ترتیب دینی چاہیے۔ 17مارچ جمعہ کو ملک بھر کے ہر شہر میں تحفظ حرمت رسولؐ کے حوالہ سے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ شان رسالتؐ میں گستاخیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ گستاخ بلاگرز کی رہائی پر پوری قوم میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہیں فی الفور گرفتار کر کے قرارواقعی سزا دی جائے۔ انہوںنے کہاکہ سوشل میڈیا پر شان رسالتؐ میں گستاخیاں دنیا کی بدترین دہشت گردی ہے۔ شرپسند عناصرتوہین رسالت کے مرتکب ہوکر مسلمانوں کو بھڑکانے کی سازش کررہے ہیں۔ آزادی اظہار رائے کے نام پر سوشل میڈیا کی کسی بھی مذہب کے خلاف غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ای پیپر-دی نیشن