موجودہ دور حکومت میں 25 لاکھ پاکستانیوں کی روزگار کیلئے بیرون ملک روانگی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اوورسیز پاکستانیوں کی وزارت کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ 3 سال کے دوران تقریباً 25 لاکھ پاکستانی ملازمت کی غرض سے بیرون ملک گئے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2014ء کے دوران تقریباً 7 لاکھ 22 ہزار پاکستانی بیرون ملک گئے، 2015ء کے دوران تقریباً 9 لاکھ 20 ہزار جبکہ 2016ء میں 8 لاکھ 22 ہزار افراد بیرون ملک روانہ ہوئے۔ بیرون ملک جانے والوں کی اکثریت خلیجی ممالک گئی، بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں میں انجینئرز، ڈاکٹرز، زرعی ماہرین، خانساماں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ پاکستان سے گزشتہ 3 سال میں بھارت اور بنگلہ دیش سے بھی زیادہ افراد بیرون ملک گئے جبکہ حکومت مزید افراد کو بیرون ملک ملازمتیں دلوانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ قطر میں 10 ہزار پاکستانیوں کو اضافی ویزے دینے پر اتفاق ہوا جبکہ بحرین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ یادداشتوں پر دستخط بھی ہوچکے ہیں۔