• news

مریدکے: نمکو بنانیوالی فیکٹری سے کروڑوں روپے کی گیس چوری پکڑی گئی، مالک فرار

مریدکے (نامہ نگار) محکمہ سوئی گیس اور ایف آئی اے کی ٹیم نے تھانہ سٹی کے علاقہ بھیانوالہ روڈ پر چھاپہ مار کر نمکو فیکٹری زیر زمین پائپ لائن کے ذریعے کروڑوں کی گیس چوری پکڑ لی۔ مالکان موقع سے فرار ہوگئے۔ محکمہ سوئی گیس شیخوپورہ کے ذرائع کے مطابق ایگزیکٹو انجینئر محکمہ سوئی گیس شیخوپورہ دین طارق کی سربراہی میں محکمہ سوئی گیس کی ٹیم نے ایف آئی اے حکام کے ہمراہ تھانہ سٹی کے علاقہ محلہ سلطانیہ بھیانوالہ روڈ پر قائم محمد عارف کی بلال نمکو کے نام سے نمکو وغیرہ تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا چھاپہ مار ٹیم نے کرین منگوا کر فیکٹری کے بیرونی حصہ کی پندرہ فٹ تک کھدائی کروائی تو اس کے نیچے تقریباً ایک انچ پائپ لائن کے ذریعے مبینہ طور پر عرصہ دراز سے گیس چوری کا سلسلہ جاری تھا۔ چھت کے ذریعے دیگر گھروں کو بھی گیس سپلائی کی جا رہی تھی پانچ سے زائد گھروں پر مشتمل فیکٹری میں بچوں کے ذریعے بڑے پیمانے پر مال تیار کیا جا رہا تھا۔ چھاپہ مار ٹیم نے گیس چوری کے آلات برآمد کر لئے بتایا گیا ہے فیکٹری مالکان نے گھروں میں ایک کمرشل اور 2 ڈومیسٹک گیس کنکشن بھی حاصل کر رکھے تھے۔ چھاپہ مار ٹیم نے لیسکو حکام کو بھی موقع پر بلا لیا جنہوںنے ایس ڈی او کینال پارک سب ڈویژن فیاض تالپور کی قیادت میں فیکٹری کے تمام حصوں سے بجلی کی تنصیبات بھی اتار لیں۔

ای پیپر-دی نیشن