• news

مصطفیٰ آباد: شادی کی تقریب میں باراتیوں کی فائرنگ ، کمسن بچی زخمی دولہا سمیت 5 افراد گرفتار

مصطفیٰ آباد/للیانی(نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) شادی کی تقریب میں مسلح باراتیوںکی اندھا دھند ہوائی فائرنگ سے کمسن بچی شدید زخمی ہو گئی۔ پولیس نے دولہا سمیت 5 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔ بتایا گیا ہے گذشتہ روز نواحی گاؤں ستوکی کے رہائشی محمد علی کی 2بیٹیوں کی شادی تھی جب دونوں باراتیں آئیں باراتوں میں شامل چند مسلح افراد نے اچانک اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجہ میں مقامی رہائشی منصور ملنگ کی کمسن بیٹی گڈو گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئی،اسی دوران سرچ آپریشن میں مصروف للیانی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور باراتیوں کو فائرنگ سے منع کیا لیکن وہ باز نہ آئے جس پر انہوں نے کارروائی کرتے ہوئے دولہا محمد صابر، زین العابدین،علی اصغر اورمحمد حنیف کو موقع سے گرفتار کر لیا جبکہ دیگر افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔زخمی ہونے والی کمسن گڈو کے والد منصور ملنگ نے ملزمان کے اثر و رسوخ کی وجہ سے ان کے خلاف کارروائی کرنے سے انکار کر دیا جس پر ملزمان کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا زخمی لڑکی کو لاہور ریفر کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن