چینی بنک نے پاکستان سمیت سات ممالک کیلئے 9 منصوبوں کی منظوری دیدی
بیجنگ (آئی این پی) چینی ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک (اے آئی آئی بی) نے اپنے قیام کے پہلے سال کے دوران پاکستان سمیت سات ممالک میں بنیادی ڈھانچے کے 9منصوبوں کی منظوری دی جن پر 1.73ارب امریکی ڈالر کا قرضہ منظور کیا گیا، 2017ءمیں بینک تین بڑے منصوبوں پر توجہ مرکوز رکھے گا، ان میں پائیدار بنیادی ڈھانچے کی تشکیل، ممالک کے درمیان رابطوں اور نجی سرمائے کی گردش شامل ہے۔ یہ بات اے آئی آئی بی کے عملدرآمد اور رابطہ یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل حامد شریف نے اپنے ایک بیان میں کہی ہے۔ دریں اثنا انہوں نے کہا کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی ) نے1000ایسے اداروں پر عملدرآمد روک دیا ہے جن پر صف اول کے دیگر ترقیاتی بینکوں نے کسی منصوبے میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر رکھی تھی ، یہ بنک کی بد عنوانی کیخلاف کوششوں کا حصہ ہے ، اے آئی آئی بی نے ایسے افراد اور کمپنیوں کی رضاکارانہ طورپر فہرست تیار کررکھی ہے جن پر پابندیاں لگی ہوئی ہیں ،ا س مہم کے تحت وہ کمپنیاں یا افراد جو بد عنوانی ، دھوکہ دہی یا دیگر غیر قانونی کاموں میں ملوث ہوں گے بنک ان پر سات سال کیلئے یا مستقل طورپر پابندی لگا دے گا۔