حسین حقانی کے انکشافات ایبٹ آباد کمشن کیلئے حیران کن نہیں: جسٹس (ر) جاوید اقبال
اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین ایبٹ آباد کمشن جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ حسین حقانی نے اب جو انکشاف کیا ہے وہ کمشن کے لئے حیران کن نہیں ہے، جس میں تفصیل سے پاکستان کے سابق سفیر کی جانب سے ادا کیے گئے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تفصیلات کا انکشاف کئے بغیر چیئرمین ایبٹ آباد کمشن نے بتایا کہ کمشن اچھی طرح آگاہ تھا کہ حقانی نے کیا کردار ادا کیا ہے اور 2 مئی 2011 کے واقعے میں سہولت کار کے طور پر ان کے کیا اقدامات تھے۔ جاوید اقبال نے کہا اگر انہوں نے پاکستان کمشن آف انکوائری ایکٹ 1956 کی متعلقہ شقوں کے تحت حلف نہ اٹھایا ہوتا تو وہ حقیقت کا انکشاف کر دیتے۔ اپنے تازہ ترین مضمون میں جو حال ہی میں واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہوا ہے، حسین حقانی نے نہ صرف یہ اعتراف کیا انہوں نے پاکستان میں اسامہ بن لادن کو تلاش کرنے کے لئے سی آئی کے اہلکاروں کی بڑی تعداد میں موجودگی کے لئے سہولت کاری کا کام کیا تھا بلکہ انہوں نے پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کو بھی اس میں پھنسا دیا ہے۔