• news

رد الفساد‘ لاہور سمیت کئی شہروں میں300 مشکوک افراد‘ تربت ‘ حسن ابدال سے8 دہشت گرد گرفتار

لاہور+ کراچی+ کوئٹہ (نامہ نگاران+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیوں میں ایف سی اور حساس ادارے اور پولیس نے تربت سے 5 حسن ابدال سے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جبکہ لاہور‘ ڈی جی خان‘ اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ شکر گڑھ‘ سرگودھا‘ راجن پور‘ سادھوکے سے سرچ آپریشن کے دوران افغان باشندوں سمیت 300 سے زائد مشکوک افراد پکڑے گئے۔ تربت سے گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ تخریب کاروں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔ مظفرگڑھ میں ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی نے مشکوک افراد کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والے مشکوک افراد کی سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر پنجاب میں 68 ہزار 957 مشکوک افراد کا ڈیٹا تیار کیا گیا ہے جس کے مطابق مشکوک افراد کی مسلسل مانیٹرنگ بھی شروع کر دی گئی ہے۔ مشکوک افراد کسی دوسرے صوبے میں جانے سے قبل اجازت حاصل کریں گے۔ اس وقت 1400 افراد فورتھ شیڈول کی فہرست میں شامل ہیں‘ مزید افراد کو فورتھ شیڈول کی فہرست میں شامل کرانے سفارش بھی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ہنگو کے علاقے جاذو میں تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ پولیس نے 3 مارٹر گولے برآمد کر لئے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق 9 کلو وزنی مارٹر گولے ٹائم ڈیوائس کے ساتھ نصب تھے۔ کوئٹہ کے اسپنی روڈ پر تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ، سڑک کنارے رکھے گئے دو بم ناکارہ بنا دیئے۔ خیر پور میں 5کلو دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔ لاہور میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران 34مشکوک افراد کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کی بھاری نفری نے مغلپورہ‘ مناواں‘ ہنجروال‘ ہربنس پورہ‘ راوی روڈ‘ وحدت روڈ‘ مسلم ٹاؤن و دیگر مقامات پر سرچ آپریشن کیا۔

ای پیپر-دی نیشن