• news

پاکستان وژن 2025پر کام کر رہا ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے پاکستان وژن 2025 پر کام کررہا ہے‘ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے کوشاں ہیں‘ سماجی اور ترقیاتی پروگراموں سے متعلق آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے حوالے سے میڈیا کا کردار اہم ہے۔ ویمن پارلیمانی کاکس کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا پائیدار ترقی کے اہداف سے متعلق پارلیمنٹ ہائوس میں سیکرٹریٹ قائم کیا گیا ہے صوبائی اسمبلیوں میں پارلیمانی ٹاسک فورس عمل میں آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں لایا گیا۔ پارلیمنٹ نے سول سوسائٹی اور میڈیا سے مل کر غذائی قلت اور صحت عامہ کے حوالے سے کام کیا۔ یونیسیف سمیت عالمی اداروں کے ساتھ معاہدے اور سمجھوتے کئے گئے۔اے پی پی کے مطابق مریم اورنگزیب سے افغان میڈیا کے وفد نے ملاقات کی اس موقع پر وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ بامعنی اشتراک، ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔ دہشت گرد پاکستان اور افغانستان سمیت پوری دنیا کے مشترکہ دشمن ہیں، پاکستان دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے اوردہشت گردی کے خاتمے کا غیر متزلزل عزم بھی رکھتا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن