• news

کسان تنظیموں کا بھارتی آبی دہشت گردی کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان

لاہور (سپیشل رپورٹر) پاکستان واٹر موومنٹ اور متحدہ کسان محاذ میں شامل ملک بھر کی کسان تنظیموں نے بھارتی آبی دہشت گردی کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ ہم نریندر مودی کی پاکستان کا پانی روکنے کی دھمکیوں کو خاطر میں لانے والے نہیں ہیں۔ انڈیا نے آبی دہشت گردی کا سلسلہ بند نہ کیا تو آئندہ پاک بھارت جنگ پانی کے مسئلہ پر ہو گی۔ 19 مارچ کو لاہور میں بڑی آل پارٹیز کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا۔کسان تنظیموں سمیت ملک بھر کی سیاسی، مذہبی و کشمیری قیادت کو شریک کیا جائے گا۔ اسی طرح چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں زبردست عوامی بیداری مہم چلائی جائے گی۔آبی دہشت گردی کا شکار دریائوں پر بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر بھارتی عزائم اور سازشوں سے دنیا کو آگاہ کیا جاسکے۔ ڈیموں کی تعمیر کے مسئلہ پر بھارت کو ورلڈ بنک جیسے اداروں اور مغربی ملکوں کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔ حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی فی الفور ختم کی جائے ۔ بھارتی دہشت گردی کیخلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ پاکستان کے کسان اور عوام مل کر پانیوں کی جنگ لڑیں گے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان واٹر موومنٹ کے چیئرمین پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، متحدہ کسان محاذ کے سربراہ ایوب خاں میو، نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین قاری یعقوب شیخ، شعبہ کسان جماعۃالدعوۃ کے سربراہ محمد اشفاق ورک و دیگر نے پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یحییٰ مجاہد سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ پاکستان واٹر موومنٹ کے چیئرمین حافظ عبدالرحمن مکی نے اپنے خطاب میں کہاکہ سرنگوں کے ذریعہ پانی کا رخ موڑ کر راجھستان جیسے صحرائوں کو آباد کر رہا ہے اور پانی کو ہمارے خلاف جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ پاکستان واٹر موومنٹ متحدہ کسان محاذ اور دیگر کسان تنظیموں کو ساتھ ملا کر بھارت کی آبی دہشت گردی کیخلاف ملک بھر میں رائے عامہ ہموار کرے گی اور اس سلسلہ میں زبردست تحریک چلائی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی آبی دہشت گردی کے مسئلہ کو صرف ملک میں ہی نہیں بین الااقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔ ہمارا کسان پس رہا ہے۔ زراعت دم توڑ رہی ہے۔ انڈیاورلڈ بنک جیسے اداروں کے تعاون سے آبی دہشت گردی کا ارتکاب کر رہا ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ حکمران خاموش ہیں۔ جہلم، چناب اور سندھ خشک ہو رہے ہیں۔ بجلی کی کمی اور زراعت کیلئے پانی نہیں مل رہا۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ پاکستان کی طرف پانی کی ایک بوند نہیں آنے دیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن