پاکستان اور افغانستان کا میڈیا تعلقات کے بگاڑ کا ایک سبب ہے: صحافی
اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان اور افغانستان کے باہمی تعلقات میں بہتری کی کوششیں اسی صورت ثمر آور ہوں گی جب دونوں ملکوں کا میڈیا ایک دوسرے پر الزام تراشیوں سے نکل کر پل کا کردار کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار یہاں پر ایک سیمینار بعنوان ’’پاک افغان تعلقات میں میڈیا کا کردار‘‘ میں دونوں ملکوں کے صحافیوں اور دانشوروں نے کیا جس کا اہتمام پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس سٹڈیز اور ایف ای ایس نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا دونوں ملکوں کا میڈیا بھی باہمی تعلقات کے بگاڑ کا ایک سبب ہے۔ افغان صحافیوں نے کہا پاکستانی اخبارات میں وہ افغان فوجی جو طالبان کے ساتھ جھڑپوں میں شہید ہوتے ہیں انہیں ہلاک لکھا جاتا ہے جبکہ پاکستانی فوجیوں کو شہید لکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا میڈیا کے ٹاک شوز میں دونوں ملکوں کے بارے میں تصویرکا ایک رخ پیش کیا جاتا ہے اس لئے دونوں ملکوں میں مشترکہ میڈیا ٹاک شوز ہوں تو دونوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں آسانی ہو گی۔ پاکستانی صحافیوں نے کہا دونوں ملکوں کے مابین صرف حکومتی سطح پر ہی نہیں بلکہ عوامی سطح پر اور میڈیا اور ثقافتی وفود کا تبادلہ بھی ہوتے رہنا چاہئے۔