• news

حسین حقانی کے معاملے پر پارلیمانی یاعدالتی کمشن قائم کیا جائے: عابد شیر

اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر نے کہا ہے کہ حسین حقانی کے معاملے پر عدالتی یا پارلیمانی کمشن قائم کیا جائے اور انہیں انٹر پول کے ذریعے واپس لایا جائے، پیپلزپارٹی کی جانب سے حقانی سے صرف اعلان لاتعلقی کافی نہیں ،فوجی عدالتوں کا قیام دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ناگزیرہے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر نے کہا کہ حسین حقانی سے متعلق پیپلزپارٹی کی طرف سے صرف اعلان لاتعلقی کافی نہیں وہ پی پی پی کی حکومت میں امریکہ جیسے اہم ملک میں پاکستان کے سفیر رہے ہیں۔ ان کے انکشافات کے بعد بلاول بھٹو یا آصف زرداری کو جواب دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا حقانی کے بیان سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج خراب ہوا۔ انہوں نے کہا سابق حکومت کے دور میں میموگیٹ سکینڈل سامنے آیا جس پر نواز شریف سپریم کورٹ گئے اس معاملے پر عدالتی یا پارلیمانی کمشن قائم کیا جائے اور حسین حقانی کو انٹر پول کے ذریعے وطن واپس لا کر مقدمہ چلایا جائے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کو حسین حقانی سے متعلق وضاحت کرنی چاہئے کہ ایسے شخص کو امریکہ میں سفیر کیوں لگایا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن