,سانحہ صفورا کے مجرموں سعد عزیز، طاہر منہاس کیخلاف دیگر 4 سنگین مقدمات بحال
کراچی (آن لائن) انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ صفورا کیس میں سزائے موت پانے والے 2 مجرموں کے خلاف دیگر مقدمات بحال کردیئے۔ عدالت میں گزشتہ روز سانحہ صفورا میں سزائے موت پانے والے مجرموں سعد عزیز اور طاہر حسین عرف منہاس کے خلاف حیدری بم دھماکا، نارتھ ناظم آباد اور سمن آباد میں پولیس مقابلے سمیت دیگر مقدمات کے بحال کرنے کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی۔ سزائے موت پانےوالے5 مجرموں کا مقدمہ 2016 میں فوجی عدالت منتقل کیا گیا تھا، مقدمے اور مجرموں کی فوجی عدالت منتقلی کے باعث مقدمات کی سماعت روک دی گئی تھی۔ تاہم عدالت نے ڈیڑھ برس بعد ایک بار پھر حیدری مارکیٹ میں بم دھماکا کیس، نارتھ ناظم آباد اور سمن آباد میں پولیس مقابلہ، تھانہ شارع فیصل میں نیوی کے کیپٹن ندیم احمد قتل کیس اور نیوکراچی میں پولیس محافظ وقار ہاشمی قتل کیس بحال کردیئے ہیں۔ عدالت نے بم دھماکوں سمیت 5 مقدمات میں نامزد دیگر دہشت گردوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ دہشت گردوں میں حافظ عمر عرف جواد، علی الرحمٰن عرف ٹونا، سرفراز عرف حمزہ، کامران عرف عمران بھٹی، عامر عرف عباسی اور طیب داو¿د شامل ہیں۔