پاکستان اور ایران کے تاجروں کو رابطے بڑھانے چاہیں: محمد حسین بنی اسدی
لاہور (کامرس رپورٹر) ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی نے لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط اور سابق صدر سید محسن رضا بخاری سے ملاقات میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو آپس میں رابطے بڑھانے چاہئیں جس سے تجارت کے فروغ اور تجربات کے تبادلے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے بہترین تعلقات کا عکس ان کی تجارت میں بھی نظر آنی چاہئے۔ لاہور چیمبرکے صدر عبدالباسط نے کہا کہ ایرانی صدر روحانی اور ایران چیمبر کے صدر انجینئر غلام حسین شافی کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی ایرانی وفد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے بہترین دوستانہ تعلقات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گیس سیل پرچیز معاہدے پر بات چیت کے لئے ایک ٹیم ایران بھجوانے پر غور کررہی ہے۔ دریں اثناءلاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے دور جدید میں کاروبار کرنے کے انداز کو ایک نئی شکل دے دی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں ای کامرس اور آن لائن پیمنٹ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔