• news

پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ: شاہ زیب نے 2 دن پوچھ گچھ کے بعد بکیز سے رابطوں کا اعتراف کر لیا

لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)دو دن تک گھنٹوں پوچھ گچھ کے بعد سپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل، خالد اورعرفان کے بعد شاہ زیب حسن نے بھی بکیز سے رابطوں کا اعتراف کرلیا۔سپاٹ فکسنگ کے لیے بکیز کی آفر کا بھانڈا پھوڑنے والے شاہ زیب حسن سے پوچھ گچھ مکمل ہوگئی۔ شاہ زیب حسن سے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے طویل بیان ریکارڈ کیا، جس میں شاہ زیب نے تسلیم کیا کہ انہوں نے بکیوں کے رابطوں کی رپورٹ کرنے میں تاخیر کی۔شاہ زیب حسن کو اینٹی کرپشن یونٹ نے مسلسل دوسرے دن بھی قذافی سٹیڈیم طلب کیا اور 2سیشن میں 4گھنٹے تک بیان ریکارڈ ہوتا رہا،جس کے بعد پی سی بی نے بتایا کہ دوسرے دن کی کارروائی مکمل ہو گئی ہے، تمام تر جائزہ لینے کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران انٹی کرپشن یونٹ شاہ زیب حسن سے زیادہ تر یہی پوچھتا رہا کہ بکیوں سے رابطوں کی اطلاع تیسرے روز رپورٹ کیوں کی، کیونکہ تاخیر بھی جرم ہے۔شاہ زیب حسن نے کہا کہ فیملی سے متعلق دھمکی آمیز فون بھی آئے اور وہ گھبراہٹ کا شکار رہے، کارروائی کے دوران شرجیل خان اور خالد لطیف سے متعلق بہت سوالات کیے گئے اوردوسرے کھلاڑیوں کو اکسانے کے حوالے سے بھی بار بار پوچھا گیا۔شاہ زیب حسن کا کہنا تھا کہ انٹی کرپشن یونٹ مکمل چھان بین کر سکتا ہے، انہوں نے صرف بکیز کے رابطوں کو رپورٹ کرنے میں تاخیر کی ہے۔سپاٹ فکسنگ کے لیے رابطوں پر شرجیل خان اور خالد لطیف چپ رہے، محمد عرفان نے پوچھنے پر بھی کچھ نہیں بتایا، تاہم تاخیر سے ہی سہی شاہ زیب حسن نے پی سی بی کو رابطوں کا خود بتادی۔سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے مبینہ اہم کردار ناصر جمشیدکے موبائل ڈیٹا، ای میلز اور سوشل اکاؤنٹس تک پولیس نے رسائی کا فیصلہ کیاہے۔ پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی سے رابطہ کریگا۔ناصر جمشید کے موبائل فونز،آئی پیڈز اور ٹیبلٹ برطانوی ایجنسی کے قبضے میں ہیں۔ناصر جمشید کے گھر چھاپے کے وقت ان کی اہلیہ کا فون بھی قبضہ میں لیا گیا۔ٹیلی فون نہ ہونے کے باعث بورڈ کو ناصر جمشید سے رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ناصرجمشید کا نام ان کھلاڑیوں میں لیا جارہاہے جنھوں نے خالد لطیف اور شرجیل خان کو مبینہ بکی سے رابطہ کرنے کیلئے اکسایا تھا۔پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ لندن میں متحرک ہوگیاہے۔اوپننگ بلے باز کے لندن اور پاکستان میں روابط کا پتہ لگالیا گیاہے۔ بکی یوسف کو کیسے جانتے ہیں، کب سے جانتے ہیں،کھلاڑیوں سے رابطہ کیوں کرایا،اینٹی کرپشن نے سوالوں کے جواب تلاش کرلئے۔مزید تفتیش کیلئے ناصرجمشید کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیاہے۔ اوپننگ بلے باز سے جلدباز پرس کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن