پاکستان ایشیابلوچستان ملک کا ٹائیگر بنے گا :نواز شریف
گوادر + کوئٹہ (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں + بیورو رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے عزم ظاہر کیا ہے کہ پاکستان ایشیا کا اور بلوچستان پاکستان کا ٹائیگر بنے گا، بلوچستان میں ترقی دیکھ کر دہشت گرد بھاگ جائیں گے۔ انہوں نے گوادر میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔ گوادر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا گوادر میں عالمی معیار کی یونیورسٹی بنائی جائے گی، تین سو بستروں پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنایا جائے گا، مفت علاج کے لیے گوادر کے عوام کو ہیلتھ کارڈ جاری کرینگے۔ علاقے میں واٹر سپلائی سکیم بنائیں گے۔ وزیراعظم نے گوادر کی گلیوں اور سڑکوں کے لیے 100 کروڑ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیدل گوادر کی گلیوں میں جائوں گا اور دیکھوں گا کہ گلیاں اور سڑکیں کیسی بنی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا بلوچستان میں گیارہ سو کلومیٹر لمبی سڑکیں بن رہی ہیں، سڑکیں ہوتی ہیں تو ترقی ہوتی ہے، کوئی بیمار ہو تو وہ آسمان سے ہسپتال نہیں پہنچتا۔ وزیراعظم نے کہا پہلی دفعہ وزیراعظم بنا تو میرا خواب تھا کہ گوادر بہترین پورٹ سٹی بنے پھر اس کے لئے کام شروع کیا مگر پھر رکاوٹیں آئیں اور حکومت ختم ہوگئی۔ پھر 1997 میں دوبارہ ہم حکومت میں آئے اور ہم نے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا یہ بتایا جائے کہ اس دوران کسی اور نے یہ کام کیوں نہیں کیا۔ 1999 میں جب ہماری حکومت ختم کی گئی تو لوگ پھر گوادر کو بھول گئے۔ گوادر کے غریب عوام کو ایک بار پھر فراموش کردیا گیا۔ آپ گواہ ہیں کہ کسی نے کچھ نہیں کیا۔ 2013 میں ہم آئے تو سب سے پہلے نواز شریف نے گوادر کے عوام کو یاد کیا۔ آج گوادر میں ایک عجیب ہلچل محسوس ہوتی ہے گوادر ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے۔ نواز شریف نے کہا میں پہلا وزیراعظم ہوں جو یہاں رات رہا ہے۔ پہلے کوئی آتا بھی نہیں تھا۔ گوادر پورے ملک اور چائنہ سے مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا گیارہ سو کلومیٹر سڑکیں بلوچستان کے اندر بن رہی ہیں۔ ہم نے وہاں بھی سڑکیں بنائیں جہاں دہشت گردی تھی۔ افواج پاکستان ‘ پولیس‘ انتظامیہ اور عوام نے امن کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ گوادر پاکستان کے لئے گیم چینجر ہے۔ انہوں نے کہا 2013 والے پاکستان پر نظر ڈالیں جب ہمیں حکومت ملی تو لوڈشیڈنگ‘ تباہ حال معیشت‘ خالی خزانہ‘ مزدور بے روزگار‘ عوام بے حال اور دہشت گردی عروج پر تھی۔ ملک اقتصادی ترقی کی بجائے تنزلی کی جانب جارہا تھا مگر ہم گھبرائے نہیں ہم نے عزم کے ساتھ کام شروع کیا۔ انہوں نے کہا سی پیک کا بڑا حصہ بلوچستان کی سرزمین پر ہے آج ترقی کا ہر راستہ بلوچستان سے نکلتا نظر آرہا ہے۔ اب بلوچستان محروم نہیں رہے گا بلکہ محرومیوں کو دور کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ نواز شریف نے کہا آج ترقی ہورہی ہے تو انسانوں کا خون کرنے والے بھاگ رہے ہیں ترقی دیکھ کر دہشتگرد بھاگ جائیں گے۔ بہت جلد اندھیرے چھٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا آج گوادر کی زمین سونے سے بھی قیمتی ہوچکی ہے مگر سرمایہ کاروں نے یہ بہت کم قیمت پر خریدی تھی جس کے باعث اربوں کھربوں کا فائدہ اٹھانے والے مقامی لوگ نہیں ہیں۔ مقامی لوگوں کو کیا ملا وہ جوں کے توں ہیں۔ اگر پچاس ہزار مالیت کی زمین تھی تو لاکھ ڈیڑھ لاکھ پر بھی انہوں نے شکر کیا ہوگا مگر اب وہ کروڑوں کی بن چکی ہے۔ یہ بڑے سادہ لوگ ہیں باہر سے آنے والے آگے نکل گئے۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ ‘ میں اور دوسرے ساتھی مل کر اس کا حل نکالیں گے کہ اصل باشندوں کو صحیح معاوضہ ملے۔ اس مشاورت کو جلد سے جلد کروں گا تاکہ ناانصافی کا خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا جس ہوٹل میں میں ٹھہرا وہاں بھی لکھا تھا کہ پانی پینے کے قابل نہیں اگر ہوٹل کا پانی پینے کے قابل نہیں تو غریب بستیوں کا پانی کیسے ہوگا۔ اس سلسلے میں سی پیک میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے پلانٹ لگائے جائیں گے۔گوادر کے پچاس نوجوانوں کو چینی زبان سیکھنے کے لئے چائنہ بھیجیں گے اس میں بچیاں اور بچے دونوں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں بلوچستان کابینہ کے ارکان اور ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی ترجیح ہے۔ اچھی حکمرانی اور خدمات کی بہتر فراہمی ہماری حکومت کے بنیادی اصول ہیں۔ ملاقات کے دوران کابینہ ارکان اور بلوچستان اسمبلی کے اراکین نے صوبے میں امن و امان کی بحالی میں وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی کو سراہا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم اور بجلی سستی کر دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) مکران، بولان اور چاغی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ کارکن ہمارا سرمایہ ہیں۔