بی جے پی کی پاکستان مخالف مہم افسوسناک‘ بھارت کیساتھ نتیجہ خیز مذااکرات چاہتے ہیں : ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد (آئی این پی +نوائے وقت نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے‘ 7کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا ہے‘ حریت قیادت کو گرفتار کیا جارہا ہے اور جمعہ کی نماز پر پابندی لگائی جارہی ہے‘ بی جے پی کی جانب سے انتخابات میں پاکستان خلاف مہم افسوس ناک ہے۔ جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ سات مزید کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا۔ بھارتی افواج نے آئی ای ڈیز سے مقبوضہ کشمیر میں کئی گھروںکو تباہ کیا‘ مسجد کے امام کو بھی شہید کیا گیا اور بھارتی افواج نے کئی مساجد میں جمعہ کی آذان نہیں ہونے دی۔ پاکستان نے ایٹمی عدم پھیلاﺅ کے حوالے سے سیمینار میں شرکت کی۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز لندن کے دورے پر ہیں پاکستان کے تین بحری جہاز اور ہیلی کاپٹر ایرانی بندرگاہ کے خیرسگالی کے دورے پر ہیں وہاں پر ان کا استقبال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں پارلیمانی اسمبلی کی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت سمیت کئی ممالک کے پارلیمنٹرین نے شرکت کی ہے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات کا حامی ہے اور مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کا حل چاہتا ہے۔ پاکستان نے اس حوالے سے خیر سگالی کے حوالے سے کئی اقدامات کئے لیکن بھارت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ کی مذہبی آزادی کے حوالے سے کمشن کی رپورٹ نے بھارت میں مذہبی اقلیتوں کی حقوق کی پامالی اور مظالم پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عالمی برادری کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہئے۔ بھارتی انتہا پسند ہندوﺅں کی جانب سے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر مظالم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت کی جانب سے عیر حقیقی دفاعی صلاحیت میں اضافہ جنوبی ایشیاء کے امن اور سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔ بھارت ہتھیاروںکا سب سے بڑا امپورٹر بن گیا ہے۔ پاکستان خطے میں اسلحہ کی دوڑ کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا امریکہ نے پاکستان کوکولیشن سپورٹ فنڈز کے تحت تین سو پچاس ملین ڈالر جاری کئے ہیں۔ امریکی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ نے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف پارٹنر تسلیم کیا ہے۔ حقانی نیٹ ورک سمیت دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت کی جانب سے مذہبی اقلیتوں پر مظالم بھارت کے نام نہاد جمہوری چہرے پر دھبہ ہے۔ بھارت نے سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ کے حوالے سے تحقیقات کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں بلکہ ایک طریقہ کار کے تحت اس میں ملوث مجرموں کو بری کیا جارہا ہے۔ افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے موجود ہیں بعض عناصر دہشت گردوں کی پشت پناہی اور مالی معاونت میں ملوث ہیں اور پاکستان کے خلاف استعمال کررہے ہیں پاکستان نے ان خدشات کی وجہ سے سرحد عارضی طور پر بند کی ہے جو جلد کھول دی جائے گی۔ اس حوالے سے اہم اقدامات کئے جارہے ہیں۔ داعش بھی افغانستان میں موجود ہے۔ یہ پاکستان سمیت خطے کے لئے خطرہ ہے۔ پاکستان افغانستان کی قیادت میں مسئلہ کے پرامن حل کا حامی ہے۔ سابق سفیر حسین حقانی کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا ان کے بیان پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف پیر کے روز اس حوالے سے بیان جاری کریں گے۔
دفتر خارجہ