کراچی :سپریم کورٹ کا سندھ پولیس میں سن کوٹہ برقرار رکھنے کا حکم
کراچی (وقائع نگار) سپریم کورٹ نے محکمہ پولیس سندھ میں سن کوٹہ برقرار رکھنے کا حکم دیتے ہوئے ضلع سانگھڑ کے 9 پولیس کانسٹیبل کو آفر لیٹر جاری کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ سندھ پولیس کے 11ملازمین کی جانب سے سن کوٹہ پر بھرتیاں نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوئی۔ اس موقع پر عدالت عظمیٰ نے ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے بچوں کو نوکری دینے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ حکومت کی اپیل مسترد کردی۔عدالت نے ریمارکس میں پولیس افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ بڑے بڑے لوگوں کو ڈی ایس پی بھرتی کردیتے ہیں مگر غریب کانسٹیبل اپنے حق کے لئے چکر کاٹ رہے ہیں انہیں انصاف کون دے گا اس موقع پر عدالت نے ضلع سانگھڑ کے سن کوٹہ پر9 پولیس کانسٹیبل کو آفر لیٹر دینے کا حکم بھی دیا۔ دریںاثناء کراچی (وقائع نگار) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں محکمہ اینٹی کرپشن میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق درخواست کی سماعت میں عدالت نے حکومت سندھ، چئیرمین اینٹی کرپشن سے آئندہ تاریخ تک جواب طلب کر لیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس امیر ہانی مسلم پر مشتمل تین رکنی بینچ کی عدالت میں محکمہ اینٹی کرپشن میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں درخواست گزار سکندر جنیجو کا کہنا تھا کہ محکمہ اینٹی کرپشن میں بھرتیاں میرٹ پر نہیں کی گئیں ۔میرٹ کو نظر انداز کر کے سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں کی گئیں ہیں۔ اخبارات میں 11 خالی اسامیوں کے لئے اشتہارات دئے گئے تھے لیکن 18 ملازمین بھرتی کئے گئے جبکہ ان بھرتی ہونے والے ملازمین کو سندھ سروسز ٹریبونل بھی غیر شفاف قرار دے چکی ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کا موقف سنتے ہوئے حکومت سندھ ، چئیرمین اینٹی کرپشن و دیگر متعلقہ حکام سے آئندہ تاریخ تک جواب طلب کر لیا۔