جدید ایمبولینس سروس والدہ کے خوابوں میں سے ایک کی تعبیر: بلاول
کراچی(صباح نیوز) پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ہماری جماعت کے قیام کا مقصد عوام کی خدمت تھا اور یہ خواب میرے نانا اور میری والدہ کا بھی تھا۔ کراچی میں سندھ پیپلز امن فائونڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جدید ایمبولینس سروس بے نظیر بھٹو کے خوابوں کی تعبیر کی جانب ایک قدم ہے انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی ترقی کے لئے بہت کام کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی ایمبولینس سروس میں ہسپتال کی سہولیات بھی موجود ہیں ابتدائی طور پر یہ سروس دو شہروں ٹھٹھہ اور سجاول میں شروع کی جارہی ہے، اس کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔ تقریب سے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس محدود وسائل ہیں لیکن پھر بھی ہم نے عوام کی خدمت کرنی ہے، نئی اور جدید ایمبولینس سروس کے لئے جو وسائل درکار ہوں گے ہم وہ فراہم کریں گے اور بہت جلد پورے صوبے میں جدید سروس شروع کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے پاس 350 سے زائد ایمبولینسز ہیں۔ ان کے ذریعے صرف میت اور زخمیوں کو منتقل کیا جا سکتا ہے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت سندھ کی بہتری کیلئے کام کا آغاز کیا ہے۔