جسٹس امیر ہانی مسلم کی ریٹائرمنٹ سے خالی ہونیوالی آسامی پر غیررسمی مشاورت مکمل
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ میں جسٹس امیر ہانی مسلم کی 31 مارچ کو خالی ہونیوالی آسامی پر تعیناتی کیلئے غیررسمی مشاورت مکمل کر لی گئی۔ سپریم کورٹ کی خالی آسامی پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ کی بجائے چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ میر محمد نور مسکانزئی کو تعینات کئے جانے کا امکان ہے۔ جسٹس امیر ہانی مسلم 31 مارچ کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس آصف سعید خان کھوسہ اور دیگر ساتھی جج صاحبان کے درمیان غیررسمی مشاورت کی گئی اور ابتدائی غوروخوض میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ خالی آسامی پر چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ میر محمد نور مسکانزئی کو تعینات کیا جائے اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ کو مزید ایک سال بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ فرائض سرانجام دینے دیئے جائیں۔ چیف جسٹس میر محمد نور مسکانزئی کی بطور جج تعیناتی 7 ستمبر 2009 اور بطور چیف جسٹس تعیناتی 26 دسمبر 2014ء ہے جبکہ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی بطور جج تعیناتی 15 ستمبر 2009ء اور بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعیناتی 28 جون 2016ء ہے۔ سپریم کورٹ کے ججز کی رائے ہے کہ چیف جسٹس منصور شاہ نے اپنے عہدہ کا حلف اٹھانے کے بعد جس تیزی کے ساتھ ضلعی عدلیہ اور لاہور ہائیکورٹ کوفعال کیا ہے اس بنا پر انہیں مزید ایک سے ڈیڑھ سال تک کام کرنے دیا جائے تاکہ عوام میں عدلیہ کی کارکردگی کا تاثر مزید بہتر کیا جا سکے۔