• news

ایکو کانفرنس بڑی سفارتی کامیابی‘ تنہائی کا تاثر ختم‘ قائمہ کمیٹی کو سیکرٹری خارجہ کی بریفنگ

اسلام آباد (آئی این پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو آ گاہ کیا گیا ہے کہ کامیاب اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کانفرنس ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ ای سی او کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان کی سفارتی تنہائی کا تاثر ختم ہوگیا ہے۔ ای سی او کے تمام رکن ممالک نے سی پیک میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ای سی او فری ٹریڈ ایگریمنٹ کیلئے کوشش کررہے ہیں، چار ممالک فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر دستخط کرچکے ہیں۔ عالمی پابندیاں ایران کے ساتھ تجارت کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، ایران کے ساتھ جلد بنکنگ کے شعبے تعاون پر معاملات طے پا جائیں گے ، سائبر سکیورٹی کیلئے 80 ملین اور پبلک ڈپلومیسی کیلئے 150 ملین روپے رکھے گئے ہیں، ای سی او فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے لئے کوشش کر رہے ہیں۔ سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر کا تقرر جلد ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار قائم مقام سیکرٹری خارجہ وحید الحسن نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا۔ کمیٹی نے حج کے دوران لاپتہ ہونے والے حاجی عبدالغفور خان کے حوالے سے وزارت خارجہ کو سعودی حکام سے تحریری جواب لینے اور وزارت مذہبی امور کو بھی آئندہ اجلاس میں تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی۔ جمعہ کو سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کا اجلاس چیئرپرسن سینیٹر نزہت صادق کی صدارت میں ہوا۔ عالمی پابندیاں ایران کے ساتھ تجارت کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ 18 اگست 2016ء کو عبدالغفور خان مدینہ پہنچے۔اگلے ہی روز یہ حاجی عبدالغفور خان لاپتہ ہوگئے۔ چیئرپرسن بیگم نزہت صادق نے کہا ہے کہ ہمیں اس کیس کے دائرہ کار کو مزید پھیلانا چاہیے۔ سعودی حکومت سے اس معاملے پر تحریری جواب لینا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن