• news

3 برسوں میں عوام کا معاشی تشخص بدلا، کیا یہ تبدیلی نہیں: احسن اقبال

لاہور(کامرس رپورٹر+ نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے تین سال کے مختصر عرصے میں 20 کروڑ عوام کی معیشت کا تشخص بدلا کیا یہ تبدیلی نہیں ہے؟اگر ملک کی مجموعی ترقی میں اضافہ کرنا ہے تو اس کے لئے پالیسیوں کا تسلسل نا گزیر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے کالا شاہ کاکو کیمپس میں نئے اکیڈمک بلاک کا سنگ بنیاد رکھنے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ یو ایچ ایس کا نیا کیمپس مجموعی طور پر 50 ایکڑ رقبہ پر پھیلا ہوا ہے اور اس کی تعمیر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایس اے آر ایف پراجیکٹ کے تحت عمل میں لائی جارہی ہے جس کیلئے یونیورسٹی کو مرحلہ وار 81 کروڑ 31 لاکھ روپے کی گرانٹ دی جائیگی، انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری فی کس سالانہ آمدنی 1400 ڈالر ہے لیکن اس کے باوجود ہماراشمار تعلیم اور صحت میں کم ترقی یافتہ قوموں میں ہوتا ہے۔ملک میں 35 سال تک غیر منتخب حکومتیں رہیں، سوشل سیکٹر سے رقوم نکال کر سکیورٹی کے نام پر خرچ کی جاتی رہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں ادارے مضبوط ہوں اور پالیسیوں کا تسلسل قائم رہے، انہوں نے کہا کہ آج اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری ملک میں آرہی ہے اور عالمی ادارے پاکستان کو ترقی کرتا ہوا ملک قرار دے رہے ہیں۔ ہم نے 3 سال کی مختصر مدت میں 20 کروڑ عوام کی معیشت کا تشخص بدلا ہے کیا یہ تبدیلی نہیں ہے؟ اگر یہ سب کچھ ہوا ہے تو کسی نے تو محنت کی ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت 10 ہزار میگا واٹ بجلی قومی گرڈ میںشامل کرے گی جبکہ پچھلے 68 سالوں میں ملک میں صرف 16 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک میں شمولیت کا اظہار کر رہے ہیں، سی پیک پراجیکٹ کی وجہ سے اس وقت مجموعی ترقی 5 فیصد سالانہ ہے جو اگلے چند سالوں میں 7 سے 8 فیصد ہو جائے گی لیکن یہ اس وقت ممکن ہوگا جب جمہوریت مضبوط ہو گی اور پالیسیوں کا تسلسل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نالج کوریڈور کے تحت اگلے 10 سالوں میں 10 ہزار پاکستانی امریکہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کریں گے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہائر ایجوکیشن کے فنڈز جو پہلے 100 ارب تھے جو اب بڑھا کر 215 ارب کر دیئے گئے ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن