مسلم لیگ ن الیکشن کمشن کا فیصلہ چیلنج کر کے عدالت پر دبائو ڈال رہی ہے: خورشید شاہ
سکھر(آن لائن+صباح نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرکے عدالت پر دباؤ ڈال رہی ہے ، الیکشن کمیشن کا فیصلہ آخری ہونا چاہئے، فاروق ستار پارلیمانی لیڈر ہیں ان کی گرفتاری کو اچھا نہیں سمجھتا، سکھر کو میڈیکل حب بنانا چاہتے ہیں، آئندہ 15 دنوں میں سکھر میں کینسر ہسپتال کا افتتاح کریں گے۔ سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ فاروق ستار نے لندن والوں سے علیحدگی اختیار کی ہوئی ہے، مسلم لیگ (ن) کے حق میں کوئی فیصلہ آئے تو خیر مقدم کرتی ہے، روایت ہے کہ حق میں فیصلہ نہ آئے تو حملے کئے جاتے ہیں، ہمیں اداروں اور عدالتوں کا احترام کرنا ہوگا، حکومت قرضوں پر چل رہی ہے ہمارے بعد7ہزار ارب روپے کے قرضوں کا اضافہ ہوا، پنجاب میں6اور سندھ میں18گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، پاکستان میں سب سے زیادہ ہجرت کا تناسب سندھ میں ہے، آج پاکستان دنیا میں تنہا ہو چکا ہے اور دیگر ملکوں کے لوگ مودی کا استقبال کر رہے ہیں۔