یورپ میں مقیم ترک تارکین وطن 3 نہیں 5 بچے پیدا کریں: ترک صدر کا مشورہ
انقرہ(آئی این پی)ترک صدر رجب طیب اردگان نے یورپ میں مقیم تارکین وطن کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 3 نہیں بلکہ5 بچے پیدا کریں کیونکہ یورپ کا مستقبل آپ ہی ہیں، آپ کے ساتھ کی گئی حق تلفیوں کا بہترین جواب یہی ہو گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایسکی شہر میں خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے تارکین وطن سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یورپ میں مقیم ترک تارکین وطن خطے کا مستقبل ہیں، آپ یورپ کو اپنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں یورپی ملکوں میں مقیم اپنے بھائی بہنوں سے صدابند ہوتے ہوئے کہتا ہوں کہ اپنے بچوں کو اچھے علاقوں میں قیام کرائیں، بہترین گاڑیوں پر سواری کریں، معیاری گھروں میں رہائش اختیار کریں۔ تین نہیں پانچ بچے پیدا کریں کیونکہ یورپ کا مستقبل آپ ہی ہیں، آپ کے ساتھ کی گئی حق تلفیوں کا بہترین جواب یہی ہو گا۔ یورپی یونین کی عدالت عالیہ کے ہیڈ سکارف پر پابندی عائد کرنے کا بھی ذکر کرنے والے اردگان نے کہا کہ ہم ان لوگوں کے دہرے چہروں سے اب بیزار ہو چکے ہیں۔ کہاں گئی دین و اعتقاد کی آزادی؟ اتنے ہی بہادر ہو تو پھر یہودی ٹوپی پر بھی پابندی لگائو۔ ان کے کئی چہرے ہیں۔