پاکستان روس تعاون بڑھانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریںگے:نواز شریف
اسلام آباد+لاہور (وقائع نگار خصوصی+ خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی رشین فیڈریشن اور تاتارستان سمیت اس کے مسلم علاقہ کے ساتھ دیرینہ شراکت داری ہے جس سے باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں اہم پیش رفت دیکھنے میں آئے گی۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وہ جمہوریہ تاتارستان کے صدر رستم میخانوف سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے جنہوں نے ایوان وزیراعظم میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اور روس کے درمیان خطہ میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے مثبت کردار اور ہر شعبہ میں مضبوط شراکت داری کے قیام کے عزم کا اظہار کیا۔ تاتارستان کے صدر اور ان کے ہمراہ پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے وفد کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ تمام حل طلب مسائل پرامن بات چیت کے ذریعہ حل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ تاتارستان کے صدر نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے ان کے دورہ پاکستان کے موقع پر بہترین میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تاتارستان کے کاروباری وفد کی لاہور میں ثمرآور ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے بزنس مینوں پر مشتمل جوائنٹ بزنس فورم باہمی تجارت کے فروغ میں مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بینکنگ، حلال فوڈ، سیمنٹ کی پیداوار، آٹو موٹو انڈسٹری، فارماسیوٹیکلز، ٹیکنالوجی، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔ وفد میں ڈپٹی وزیراعظم البرٹ کریموف، پاکستان میں رشین فیڈریشن کے سفیر الیگزے ڈیڈوف بھی شامل تھے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نوازشریف سے میئر سرگودھا ملک اسلم نوید نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ سابق حکمرانوں کی بداعمالیوں کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے بحرانوں کا خاتمہ اور ملک و قوم کو ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لئے مسلم لیگ ن جامع حکمت عملی کے تحت ہنگامی بنیادوں پر مصروف عمل ہے، سیاسی مخالفین کی ہرزہ سرائی عوامی خدمت کے مشن میں راہ کی دیوار نہیں بن سکتی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا مسلم لیگ ن کا مشن ہے‘ سی پیک منصوبہ ملک کی تقدیر بدل دے گا اور اس کی تکمیل سے ایک نئے اقتصادی دور کا آغاز ہوگا۔ مسلم لیگ ن جمہوری جماعت ہے جو جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر دیئے گئے ہیں، بلدیاتی اداروں کو مزید فعال کیا جا چکا ہے۔دریں اثناء وزیر اعظم نواز شریف سے امیر قطر کے والد شیخ حمد بن خلیفہ الثانی نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور قطر میں گہرے برادرانہ تعلقات ہیں عوام کی بہتری کیلئے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔