بھارتی آبی دہشت گردی سے پاکستان کو ریگستان نہیں بننے دینگے: قومی کسان کانفرنس
لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان واٹر موومنٹ اور متحدہ کسان محاذ سمیت ملک بھرکی 18کسان تنظیموں کے رہنمائوں نے قومی کسان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین و مقررین نے کہا کہ بھارتی آبی دہشت گردی کے نتیجہ میں پاکستا ن کو ریگستان نہیں بننے دیں گے۔ سندھ طاس معاہدہ کے تحت تین دریائوں کا پانی ہمارا حق ہے‘ اسے بچائیں گے۔ حکومت پاکستان مذاکرات چھوڑے۔ چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں بڑے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔کسانوں کی نسل کشی کرنے والے بھارت سے دوستی و تجارت درست نہیں۔ بھارت سن لے! کشمیراور پانیوں کیلئے تحفظ کیلئے بھارت سے جنگ بھی لڑنا پڑی تو لڑیں گے۔ ملک گیر تحریک چلائیں گے۔بے حس حکمرانوںنے بھارتی ڈیموں کی تعمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر صحیح انداز میں نہیں اٹھایا۔ حکمرانوں کو نسلوں کا پانی بیچنے کا مینڈیٹ نہیں۔ حکومت جماعت علی شاہ کیخلاف مقدمہ درج کرے اور پاکستان واپس لائے۔حکمرانوںنے آٹھ کھرب روپے ڈیموں کے نام پر ضائع کر دیئے۔ بھارت پانی کو جنگی ہتھیار کے طور پر پاکستان کیخلاف استعمال کر رہا ہے۔ آج ہونے والے اجلاس کے تناظر میں منعقدہ قومی کانفرنس سے۔ پاکستان واٹر موومنٹ کے چیئرمین پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ بھارت سندھ طاس معاہدہ سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے۔ مودی پاکستان کے پانی کی بوند بوند روکنے کی دھمکی دے رہا ہے۔ حکمرانوں کو نسلوں کا پانی بیچنے کا مینڈیٹ نہیں ہے۔ بھارت مسلسل متنازعہ ڈیم تعمیر کر رہا ہے۔ چناب کے پانیوں پر تین بڑے بجلی کے منصوبے بن رہے ہیں۔ منگلا میں پانی کی کمی سے مچھلیاں مر رہی ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ اپریل میں زراعت کا پانی نہیں ملے گا۔ حکومتوںنے صحیح معنوں میں اس ایشو کو نہیں اٹھایا۔ ورلڈ بنک میں ہمارا کیس صحیح نہیں لڑا جارہا ہے۔ متحدہ کسان محاذ پاکستان کے سربراہ محمد ایوب میونے کہا کہ بھارت کشن کنگا جیسے کئی ڈیم اسی فیصدتک بنا چکا۔ چارسو ارب ڈالر امریکہ اورورلڈ بینک نے بھارت کوڈیموں کی تعمیر کیلئے دیے‘ وہ مکمل طور پر ان کے ساتھ ہیں۔ ہم کتابوں میں پڑھتے تھے کہ آنے والی جنگیں پانی پر ہوں گی اب نظر آرہا ہے۔ پاکستان کسان اتحاد کے صدرچوہدری خالد محمود کھوکھرنے کہا کہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی زراعت ہے لیکن زراعت حکومتی ترجیحات میں شامل نہیں۔ اپنے حکمرانوں کا محاسبہ کرنا ہوگا جو مودی کے دوست ہیں۔ ایگری فورم پنجاب کے صدر احمد علی اختر نے کہا کہ کسان ان کا بڑا اہم کردار ہے۔پانی کی تحریک میں متحدہ کسان محاذ کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ رائے محمد نواز نے کہا کہ آج ہم بھارت کو پیغام دیتے ہیں کہ کسان متحد ہیں۔اور پانی کے لئے جانیں قربان کرنے کو تیا رہیں۔ممتازکسان رہنمااور شیعہ پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین سید نوبہار شاہ نے کہا کہ بھارت جو کچھ کر رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے لیکن حکومت پاکستان کا رویہ بھی صحیح نہیں،غفلت،نااہلی کا مظاہرہ کیا گیا۔ کسان رہنما کرنل مجاہد اللہ ترین نے کہا کہ کسانوں کو صرف پانی چاہئے اور کچھ نہیں۔ سندھ آباد کار بورڈ کے چیئرمین میجر(ر) عمر نے کہا کہ سندھ میں کسانوں کو زراعت کے لئے پانی نہیں مل رہا، نہایت خوفناک صورتحال ہے۔ مسلم لیگ(ن) کسان ونگ پنجاب کے صدر میجر (ر) ذوالفقار شاہ نے کہا کہ کسانوں کے مطالبات حکومت تک پہنچائیں گے۔ کسانوں کا دس رکنی وفد بنایا جائے جو وزیرا عظم سے ملاقات کرے اور مسائل پیش کرے۔ چوہدری نثار احمد وڑائچ نے کہا کہ حکمرانوں نے ذاتی مفادات کے لئے ملک دائو پر لگایا ہوا ہے۔شعبہ کسان جماعۃالدعوۃ کے سربراہ محمد اشفاق ورک اور واٹر موومنٹ کے چیف آرگنائز ر حافظ خالد ولید نے کہاکہ بھارتی جارحیت کیخلاف ملک گیر تحریک چلائیں گے۔ پاکستان متحدہ کسان محاذ خیبرپختونخواہ کے صدر حاجی محمد ابراہیم نے کہا کہ منڈا ڈیم خیبر پی کے میں خشک ہو رہا ہے،بھارتی آبی دہشت گردی کسی ایک صوبے نہیں بلکہ پاکستان کے خلاف ہے۔پاکستان کونسل پنجاب کے صدر چوہدری طاہر گجر نے کہا کہ کسان متحدہ کسان محاذ کے شانہ بشانہ رہیں گے اور بھارت سے اپنا پانی چھڑائیں گے۔ خیبر پی کے کے کسان رہنما جانثار خلیل نے کہا کہ کسانوں کو ایک قوم کا ثبوت دینا ہے۔ کسان رہنما فاروق دریشک راجن پور نے کہا کہ حکمران مودی نواز ہیں اور جب تک کسان متحد نہیں ہوں گے یہ دوستی ختم نہیں ہو سکتی۔