• news

اسد قیصر کیخلاف خظ کا ذمہ دار موٹو گینگ قانونی کاروائی کرینگے :عمران خان::روئیں مت کرپشن کا جواب دیں:مریم اورنگزیب

اٹک (این این آئی+آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ایک رسمی جملے میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہا تھا اور اسے سیاسی رنگ دے کر میڈیا پر اچھالا گیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا (ن) لیگی رہنما جاوید لطیف نے جو زبان استعمال کی اسے فوری طورپر دبا دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپی کے اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کے حوالے سے کہا جا رہا ہے انہوں نے کرپشن کی جب نیب سے پوچھا تو انہوں نے کہا ہم نے کسی کو کوئی خط نہیں لکھا اس کا مطلب ہے کہ یہ حکومتی وزرا ء کی شرارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران عوام کے پیسے کو بے دردی سے بہا رہے ہیں قوم کے پیسوں سے اشتہاری مہم چلائی جارہی ہے صرف 25 سے 30 ارب روپے دونوں بھائیوں کی تصویریں دکھانے پر ضائع کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپی کے کے بعد اب پنجاب میں بھی شجرکاری کرنے جا رہے ہیں، ابتدائی طور پر 10 لاکھ درخت لگائے جائیں گے، ہم نے خیبرپی کے میں ایک ارب درخت لگانے کا عزم کررکھا ہے جو 2017 کے آخر میں پورا ہوجائے گا، ڈبلیو ڈبلیو ایف نے بھی تصدیق کی ہماری شجر کاری مہم میں لگائے گئے 85 فیصد درخت کامیابی سے اگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دریاؤں میں پانی کم ہورہا ہے جبکہ تیزی کے ساتھ درختوں کی کٹائی جاری ہے۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا اسد قیصر کے خلاف خط کا ذمہ دار موٹو گینگ ہے، اس معاملے پر اسد قیصر کو قانونی چارہ جوئی کرنی چاہیے، پھٹیچر کا لفظ غیررسمی گفتگو میں کہا، غیررسمی بیان کو ایسے ایشو بنایا گیا جیسے میں نے کسی کو قتل کر دیا ہو۔ صباح نیوز کے مطابق انہوں نے کہا درختوں کی کٹائی نہ روکی گئی تو پاکستان ریگستان بن جائیگا۔ باہتر سے نامہ نگار کے مطابق عمران خان نے کہا کہ سپیکر کے پی کے کی کرپشن سے متعلق نیب کو لکھا جانے والا خط جھوٹ پر مبنی، لندن فلیٹ کے حوالے سے بی بی سی رپورٹ کی تردید، آئی سی آئی جے سے مریم نواز کا نام نکل جانے کی تشہیر بھی موٹو گینگ کے کارنامے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے اسمبلی کے سپیکر اسد قیصرکی کرپشن کے حوالے سے کیے گئے پروپیگنڈے پر نیب نے خود کہا ہے کہ ہم نے خط نہیں لکھا یہ صرف اور صرف موٹو گینگ کا پروپیگنڈا ہے جِس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

عمران خان


اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان صاحب آپ نے ساڑھے تین سال میں 25 سے 26 بلین جھوٹ بولے اور یو ٹرن لئے، شکر ہے خان صاحب ساڑھے تین سال میں آپ نے ایک درخت تو لگایا یہ بھی نہ لگاتے تو خیبر پی کے عوام کو کیا منہ دکھاتے۔ نیب کو خط خیبر پی کے کے عوام لکھ رہے ہیں، خان صاحب روئیں مت اور اپنی کرپشن کا جواب نیب کو دیں۔ انہوںنے کہا خان صاحب آپ کو جہاں اور جس جگہ موقع ملتا ہے آپ ایک اور جھوٹ بولتے ہیں۔ خان صاحب آپ اور آپکے وزرا پر جب کرپشن کا الزام لگتا ہے تو رونا شروع کردیتے ہیں۔ دوسروں پر جھوٹی الزام تراشی کرتے ہوئے آپکو شرم نہیں آتی۔ مریم اور نگزیب نے کہا خان صاحب اور تو آپ سے کچھ ہوا نہیں تاہم اچھی بات ہے آپ نے درخت لگانے شروع کردئیے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ خان صاحب آپکی ناکامی کے پیچھے اپ کی جھوٹ بولنے کی عادت، منفی سیاست اور حسد ہے۔
مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن