• news

2013ء میں پیپلز پارٹی کیخلاف سازش ہوئی نواز شریف کے حکمرانی کا جوار نہیں:زرداری

لاہور+ کراچی (خبرنگار+ سٹاف رپورٹر+ آن لائن) سابق صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات 2013ء میں پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف سازش ہوئی، جمہوریت کیلئے انتخابی نتائج کو تسلیم کیا، منتخب حکومت کے پاس عوام کا مینڈیٹ ہونا چاہئے، نوازشریف کے پاس اخلاقی طور پر حکمران رہنے کا کوئی جواز نہیں، فوجی عدالتوں کو ملکی مفاد میں قبول کیا، فاٹا کو خیبر پی کے میں پوری طرح ضم ہونا چاہئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں، حکومت کے خلاف احتجاج کے دوران ہم نے جمہوریت کی خاطر حکومت بچائی اور اسمبلی ٹوٹنے سے بچائی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں شفافیت اور منتخب حکومت کے پاس عوام کامینڈیٹ ہوناچاہئے۔ نوازشریف کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں اوراخلاقی طورپر نوازشریف حکومت کرنے کے اہل نہیں۔ انہوں نے کہا آئندہ انتخابات قریب ہیں ،بیلٹ پیپرزبین الاقوامی کمپنیوں سے چھپوائے جائیں ،انگوٹھے کے نشان سے انتخابات کوصاف شفاف بنایاجاسکتاہے۔ کراچی سے سٹاف رپورٹرکے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری سے معاون خصوصی اقلیتی امور ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے ملاقات کی،، دونوں رہنماوں نے تھرپارکر کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے تھرپارکرمیں تھر ایریڈ یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کیا اورکہا تھر میں کاٹیج انڈسٹریز بھی قائم کریںگے ، ،سابق صدر نے دونوں منصوبوں پر عملدرآمد کرنے کیلئے سندھ حکومت کو ہدایت کردی ،،آصف علی زرداری نے کہا کاٹیج انڈسٹری کو سولر کے ذریعے چلایا جائے گا۔ لاہور سے خبرنگار کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے گزشتہ روز بلاول ہائوس لاہور میں پارٹی رہنمائوں سے تفصیلی ملاقات کی۔ آصف زرداری آج یا کل چند دن قبل قتل ہونیوالے پارٹی رہنما بابر سہیل بٹ کے گھر جائیں گے اور ان کی والدہ اور دیگر عزیز و اقارب سے ملیں گے۔ آصف زرداری سے ملنے والوں میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر دفاع چودھری احمد مختار ان کے صاحبزادے فیصل مختار، صدر پی پی پی پنجاب قمر الزمان کائرہ، سابق صدر منظور احمد وٹو، مرکزی سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور، سابق وزیر اور سابق پی پی پی لاہور ثمینہ خالدگھرکی، سیکرٹری جنرل پی پی پی پنجاب ندیم افضل چن اور سیکرٹری انفارمیشن مصطفیٰ نواز کھوکھر و دیگر شامل تھے۔ اس دوران ان افراد سے ملاقاتوں کا شیڈول طے کیا گیا جو آصف زرداری سے ملاقات کرکے پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔ خورشید شاہ‘ ڈاکٹر کٹھومل جیون سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا ہم اپنے سیاسی مخالفین کو آئندہ انتخابات میں اور اس سے پہلے بڑے بڑے سر پرائز دیں گے اور ثابت کریں گے پورے ملک کی طر ح آج بھی پنجاب میں پیپلزپارٹی عوام کے دلوں میں ہے اور ہم ہی کامیاب ہوں گے۔
زرداری
لاہور (خبرنگار) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے ملٹری کورٹس کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے موقف کو تسلیم کیا گیا۔ ماضی کو دیکھیں تو لگتا ہے پانامہ میں وزیراعظم نواز شریف کو کچھ نہیں ہوگا۔ بلاول ہاؤس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا قومی معاملات میں سیاسی جماعتوں کیساتھ تعاون جاری رہے گا۔ ملٹری کورٹس کے معاملے میں پیپلزپارٹی کے چار مطالبات مانے گئے۔ عدالتوں کے معاملے پر پارلیمنٹ میں کشیدگی نہیں ہونی چاہئے۔مسلم لیگ ن کو پورے ملک میں سیاست کرنے کا پورا حق ہے۔ سندھ حکومت نے وزیراعظم کے جلسے کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی۔ اب پنجاب حکومت کو بھی چاہئے وہ پیپلزپارٹی کی قیادت اور جلسوں کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کرے۔ پنجاب کے کارکنوں کو بہت جلد خوشخبری دیں گے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور نے کہا شرجیل میمن پارٹی پالیسی کے تحت پاکستان آئے ہیں۔ آصف علی زرداری نے واضح کہا تھا جس نے بھی سیاست کرنی ہے وہ پاکستان آئے۔ انہوں نے کہا سابق صدر آصف علی زرداری سے پنجاب کے رہنماؤں کی ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔ کچھ چیزیں سرپرائز بھی ہونی چاہئیں۔ آصف زرداری پنجاب میں بیٹھیں ہیں۔ یہاں کے سیاستدانوں کیلئے بھاری ثابت ہوں گے۔ قومی معاملات پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مفاہمت جاری رہے گی۔

ای پیپر-دی نیشن