• news

.حسین حقانی سچ اُگل دیں عافیہ کو انہوں نے ہی مقدمہ میں پھنسایا: فوزیہ صدیقی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امریکہ میں قید بے گناہی کا شکار ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ حسین حقانی یہ سچ بھی اُگل دیں کہ عافیہ بے قصور ہے اور انہوں نے ہی امریکیوں کو خوش کرنے کی خاطر عافیہ کو جھوٹے مقدمے میں پھنسوایا۔ حسین حقانی اور شکیل آفریدی غدار وطن اور سخت سزا کے مستحق ہیں۔ عوام کا پیمانہ صبرلبریز ہورہا ہے ۔ عافیہ کی واپسی میں تاخیرسے اشتعال بڑھ گیا تو اسے ہم بھی روک نہ سکیں گے۔ چیف جسٹس سندھ، سابق گورنر پنجاب اور سابق وزیراعظم کے مغوی بیٹے رہا ہوگئے، عافیہ نہیں آئی۔ وہ لاہور پریس کلب میں سیاسی و سماجی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہی تھیں۔ حافظ محمد زبیر، سعدیہ سہیل، چوہدری محمد انور، ڈاکٹر صبیحہ مشرقی، عابد حمید خان میو، محمد خان مدنی، عمران شہزاد، کالم نگار فاروق چوہان، بریگیڈیئر محمد یوسف، چیئرمین عبدالحق اعوان نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ شکیل آفرید ی کو بھی اگر ریمنڈڈیوس کی طرح ملک سے فرار کروادیا گیا اور عافیہ نہیں آئی تو حکمرانوں کی غداری کے خلاف عوام سڑکوں پر ہوں گے۔ جمہوریت کی دعویدار حکومت نے ڈاکٹر عافیہ کو بھلا دیا۔ رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ قوم کی بیٹی کو واپس لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مزید تاخیر کی صورت میں عوام مشتعل ہوکر سڑکوں پر نکل آئیں گے، پوری قوم کے دل عافیہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ تمام رہنمائوں نے 31 مارچ کو عافیہ کے اغوا کو 14 برس مکمل ہونے پر ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کی اپیل کی۔

ای پیپر-دی نیشن