• news

مسلمانوں پاکستانیوں کے بدترین مخالف یوگی ادتیاناتھ نے وزیراعلیٰ اترپردیش کا حلف اٹھا لیا‘ کابینہ میں سابق کرکٹرز محسن رضا‘ چیتن چوہان شامل

لکھنئو (نیٹ نیوز) آر ایس ایس اور بی جے پی کے انتہا پسند ہندو رہنما یوگی ادتیا ناتھ نے اتوار کو اترپردیش کے 21 ویں کا حلف اٹھا لیا۔ وہ مسلمانوں اور پاکستانیوں کے بدترین مخالف کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ان کے علاوہ کیشو پرساد موریہ اور دنیش شرما نے نائب وزرا اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ خیال رہے کہ ریاست میں پہلی بار دو نائب وزرا اعلیٰ ہوں گے۔ ان کے علاوہ 22 وزیر کابینہ اور 24 ریاستی وزرا نے بھی حلف لیا۔ لکھنؤ کے کانشی رام میموریئل گارڈن میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی، کئی ریاستوں کے وزراء اعلیٰ اور بی جے پی کے سینئر لیڈرز موجود تھے۔ مودی نے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادیو جنہوں نے انتخابی تقریر میں مودی کو ’’گدھا‘‘ کہا تھا سے بھی ہاتھ ملایا۔ بتایا گیا ہے وزیراعلیٰ یوگی آدتیا ناتھ اور دونوں نائب وزرا اعلیٰ ریاستی اسمبلی کے رکن نہیں اور وزیراعظم مودی نے ان تینوں کی تقرری کے ذریعے راجپوت (یوگی) اونچی ذات کے برہمن (دنیش) اور نچلی ذات کے (کیشو) ووٹ بینک کو یکجا کرنے کی کوشش کی ہے۔ سابق کرکٹر محسن رضا کابینہ میں شامل ہونے والے واحد مسلم لیڈر ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ یوپی میں اقلیتی بہبود کے شعبے اور وقف بورڈ سمیت کئی ایسے ادارے ہیں جن کے سربراہ عام طور پر مسلمان ہی ہوتے ہیں اور یہ ذمہ داری انہیں سونپی جا سکتی ہے۔ انکے علاوہ ایک اور سابق کرکٹر چیتن چوہان کو کابینہ میں جگہ ملی۔ کابینہ میں 6 خواتین کو جگہ دی گئی ہے جن میں ریتا بہوگنا جوشی، گلاب دیوی، سواتی سنگھ، انوپما جیسوال، سنگیتا بلون اور ارچنا پانڈے شامل ہیں۔ بلدیو اولاکھ وہ یوگی کابینہ میں اکلوتے سکھ وزیر ہیں انکے علاوہ سریش رانا بھی وزیر بنے ہیں۔ 2013ء کے مظفر نگر میں ہونے والے مسلم کش فسادات کے وہ اہم کردار سمجھے جاتے ہیں۔ خود یوگی ادتیاناتھ مظفر نگر میں مسلمانوں پر حملوں کے لئے اشتعال انگیز تقاریر کرکے ہندوئوں کو بھڑکاتے رہے۔ فروری 2015ء میں انہوں نے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ اگر انہیں اجازت ملے تو ملک کی تمام مساجد کے اندر دیوی دیوتائوں کی مورتیاں رکھوا دوں جیسے آریہ ورت نے آریہ بنائے ویسے ہی بھارت میں ہم ہر کسی کو ہندو بنا دینگے اور پوری دنیا میں بھگوا پرچم لہرا دینگے۔

ای پیپر-دی نیشن