• news

سپریم کورٹ نے پانامہ کیس میں نواز شریف پر نرم ہاتھ رکھا: اعتراز احسن

لاہور (آن لائن) سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتراز احسن نے کہا ہے کہ صوبائی سینئر رہنما سہیل بابر بٹ کا قتل پارٹی کا ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ لاہور سمیت پنجاب علاقہ غیر بن چکا ہے۔ سپریم کورٹ نے پانامہ کیس میں نواز شریف پر نرم ہاتھ رکھا ہے۔ اتوار کے روز پیپلزپارٹی کے سینٹ میں قائد حزب اختلاف بیرسٹر اعتزاز احسن نے صوبائی سینئر رہنما بابر سہیل بٹ کے اہلخانہ سے ملاقات کے لئے ان کے گھر گئے اور وہاں پر بابر سہیل بٹ کے قتل پر تعزیت کی۔ اس موقع پر اعتزاز احسن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر سہیل بٹ اور شوکت بسرا کے سیکرٹری کی شہادت کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر علاقہ غیر بن چکا ہے جہاں پر قانون کا کوئی عمل دخل دکھائی نہیں دیتا ہے۔ شوکت بسرا کے سیکرٹری اور بابر سہیل بٹ کے قتل کی تفتیش صحیح نہیں کی جا رہی اور پولیس مجرموں کو تحفظ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کبھی بھی نواز شریف کے موقف کو تسلیم نہیں کر سکتی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ان کے والد میاں شریف نے 25 سال قطر میں بزنس سے اربوں روپے کمائے اور پھر انہی پیسوں سے لندن میں مہنگی ترین جائیداد خریدی ہے جس کا کوئی ریکارڈ بھی موجود نہیں ہے۔ قطر کا بزنس صرف ایک افسانہ ہے ۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ کالے دھن کو سفید کرنے کے لئے دو کروڑ روپے میں ایک خط عربی سے لے کر آجاتا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پانامہ کیس میں کیا فیصلہ دیتا ہے کوئی پتہ نہیں ہے لیکن نواز شریف پر سپریم کورٹ نے نرم ہاتھ رکھا ہے کیونکہ نواز شریف نے اسمبلی کے فلور پر جو باتیں کیں ان کی دستاویزات اگر ججز طلب کر لیتے تو کوئی مشکل ہی نہ ہوتی۔

ای پیپر-دی نیشن