سوشل میڈیا کے ذریعے وطن عزیز پر نظریاتی یلغار کا مقابلہ ناگزیر ہو چکا: مفتی نعیم
کراچی(آئی این پی) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ ملک وملت دشمن طاقتیں اسلام اور پاکستان کیخلاف منظم ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے وطن عزیز پر نظریاتی یلغار کی جارہی ہے، مقابلے کیلئے علماء کرام کو تیاری کرنے کی ضرورت ہے،کفر و اسلام کی موجودہ تہذیبی جنگ سے نبرد آزما ہونا بھی طلبہ مدارس اور علماء کی ذمہ داری ہے۔ علماء کیلئے جدید علوم کا حصول ناگزیر ہوچکاہے ، طلبہ قرآن وحدیث کے علاوہ دیگر علوم وفنون میں بھی مہارت حاصل کریں ، اہل مدارس اپنا مقام ومرتبہ پہچانیں اور وقت کی قدر کریں ہمیں اسلام اور مدارس کیخلاف سازشوں کے مقابلے کیلئے متحد ومنظم ہونا ہوگا ۔ مدارس سے سند فراغت حاصل کرنے والے طلبہ عوام میں معاشرتی مسائل کے حوالے سے آگہی فراہم کریں، اس وقت سوشل میڈیا اور پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کے ذریعے جدید فتنوں کی تبلیغ کی جارہی ہے جس کے مقابلے کیلئے علماء اور طلبہ کو میدان میں آنے کی ضرورت ہے۔