پاکستان کو دہشت گردی کی کفیل ریاست قرار دینا امریکی خواہش نہیں: اعزاز چودھری
واشنگٹن(این این آئی) امریکا میں نئے تعینات ہونے والے پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ امریکا میں پاکستان کو دہشت گردی کی کفیل ریاست قرار دینے کی کوئی خواہش نہیں پائی جاتی، لوگ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے افغانستان میں امن مذاکرات کے حوالے سے چار ممالک پر مبنی گروپ جیسے دیگر ملٹی لیٹرل فورمز کی دوبارہ بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔ ایک سوال پر کہا کہ واشنگٹن کے مخصوص لوگ پاکستان کو دہشت گردی کی کفیل ریاست قرار دئیے جانے کا معاملہ اٹھا رہے ہیں ، مگر امریکیوں کی بہت بڑی تعداد پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے اتحادی کے طور پر دیکھتی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں ہونے والی حالیہ بہتریوں سے متعلق کہا اس وقت ملک اقتصادی پرواز پر ہے اور قریبی تعلقات قائم کرنا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ پاکستان نے قبائلی علاقے (فاٹا) سے تقریبا دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم کردی ہیں۔ فوجی آپریشن کے بعد علاقے کے 90 فیصد بے گھر ہوجانے والے افراد کو واپس اپنے گھروں میں آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ انہوں نے ضرب عضب کے دوران افغانستان فرار ہوجانے والے طالبان دہشت گردوں کے واپس پاکستان آکر سکولز، ہسپتالوں اور درگاہوں پر حملے کرنے سے متعلق بھی بات کی۔ انہوں نے وضاحت کی، افغان سرحد کی عارضی بندش سرحد پار ہونے والے دہشت گرد حملوں کو روکنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے، یہ سرحد کی بندش نہیں، بلکہ سرحدی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ایک قدم ہے۔ انہوں نے افغانستان کو سرحد پار ہونے والے حملوں کو روکنے کے لیے مشترکہ طور پر سرحدی نظام بہتر کرنے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے امریکی قانون سازوں، جنرلز کی جانب سے قبائلی علاقے کے دورے کی تعریف بھی کی۔