• news

امریکیوں کو خصوصی مراعات ہم نے نہیں دیں بلکہ نائن الیون کے بعد دی گئیں: حنا ربانی کھر

اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ شمسی ایئر بیس امریکیوں کے زیر استعمال تھا جو پیپلز پارٹی کی حکومت نے امریکیوں سے خالی کرایا لیکن پیپلز پارٹی پر سی آئی اے کا ایجنٹ ہونے کا الزام لگایا جارہا ہے، امریکیوں کو خصوصی مراعات ہم نے نہیں دیں بلکہ نائن الیوں کے بعد دیں گئیں، سلالہ واقعے کے بعد ہم نے نیٹو سپلائی روکی، امریکیوں کا پاکستان میں داخل ہو کر کارروائی کرنا پاکستان کے لیے شرمناک ہے تو اسامہ بن لادن کا پاکستان میں آنا ملک کے لیے زیادہ شرمناک ہے۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹر ویو دیتے ہوئے سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے اعتراضات پر منظر عام پر نہیں لائی جا رہی۔ سکیورٹی اسٹبلشمنٹ کی مرضی کے بغیر غیر ملکیوں کو سہولت فراہم نہیں کی جا سکتی۔ اسامہ بن لادن ایبٹ میں مارے گئے تو ہم ہکا بکا رہ گئے، امریکی ہیلی کاپٹر پاکستان میں داخل ہوئے، کارروائی کی اور چلے گئے لیکن پاکستانی سکیورٹی اداروں کو اس کا علم نہیں ہوا یہ کیسے ہو سکتا ہے ؟ ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ منظر عام پر آنی چاہئے تاکہ عوام حقائق سے آگاہ ہو سکیں۔

ای پیپر-دی نیشن