لاہور :حکمرانوں کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار کو ٹھیس پہنچی: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے گزشتہ روز اپنے وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کی۔ بعدازاں پاکستانیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ محنت مزدوری کے سلسلہ میں بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کے بہترین سفیر ہیں اور انہیں دنیا بھر میں اپنے کردار سے پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشرق و مغرب اور خلیج کے ممالک میں پھیلے ہوئے لاکھوں پاکستانی ہر سال بیرون ملک سے اٹھارہ ارب ڈالر سے زائد زرمبادلہ کما کر پاکستان بھیجتے ہیں مگر پاکستان کے کرپٹ حکمران اپنے گھروں اور خاندانوں سے دور، ان محنت کشوں کی خون پسینے کی کمائی کو لوٹ کر با ہر منتقل کردیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار کو سخت ٹھیس پہنچی، حکومتی کرپشن کی وجہ سے بیرونی دنیا میں پاکستانی کمیونٹی کو سخت خفت اٹھانا پڑتی ہے۔ پاکستان میں بدامنی اور دہشت گردی کی بڑی وجہ خود حکمرانوں کی طرف سے آئین و قانون کی پامالی ہے ۔جب تک ملک میں آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی قائم نہیں ہوتی بدامنی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے پاکستان کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے بارے میں پائے جانے والے منفی پروپیگنڈے کا جواب اپنے مثبت کردار سے دیں اور جہاں اور جس ملک میںبھی ہوں وہاں کے قانون کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمشن سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کو ووٹ کاحق دیا جائے، واضح رہے کہ سراج الحق اپنے وفد کے ہمراہ رابطہ عالم اسلامی کی کانفرنس میں شرکت کے لئے سعودی عرب گئے ہوئے ہیں۔