شیخوپورہ: جعلی پیر کی دم کرانے آئی شادی شدہ خاتون سے زیادتی
شیخوپورہ/قصور (نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) جعلی پیر نے دم کرانے آنیوالی شادی شدہ خاتون کو ہوس کا نشانہ بنا ڈالا‘ فیصل آباد‘ اوکاڑہ میں بھی اوباشوں نے 3خواتین سے زیادتی کر ڈالی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق نواحی گائوں نواں کوٹ میں جن نکالنے کے بہانے ایک جعلی پیر نے شادی شدہ خاتون (ص) کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا جو شیخوپورہ کے محلہ مچھلی فارم غوث نگر سے ایک خاتون کیساتھ اپنے علاج کیلئے وہاں گئی تھی ایڈیشنل سیشن جج نے خاتون کی پٹیشن کو ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ بھکھی سے جعلی پیر اور اس کے ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج نہ کرنے کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ خاتون (ص) نے پٹیشن میں کہا ہے کہ اسے ایک خاتون (ر) دم کروانے کے بہانے نواں کوٹ لے گئی جہاں پر ڈیفنس لاہور سے ایک پیر آتا ہے۔ پیر نے کمرہ میں بند کرلیا اور پستول نکال کر جان سے مارنے کی دھمکی دیکر زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔ نمائندہ نوائے وقت/قصور نامہ نگار کے مطابق لاہور کی رہائشی فلک ناز نے تھانہ بی ڈویژن پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے بھائی عاطف اور اسکے دوست فہیم کے ہمراہ کاسمیٹکس کا سامان خریدنے آئی تو ملزم شہزاد سامان دیکھانے کے بہانے اوپر والی منزل پر لے گیا جہاں پر اس نے زبردستی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق چک 459 گ ب کے رہائشی علی شیر نے پولیس کو بتایا کہ اظہر علی اور اس کے دو مسلح ساتھی زبردستی اس کے گھر گھس آئے اور میری اہلیہ (ع) کو باری باری زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق موضع عظیم آباد کی فرزانہ کوثر کو منظور احمد نے فروٹ چاٹ کھلا کر نیم بے ہوش کر دیا اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے واقعات کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔