عام آدمی کو سہولت پر لمبی گاڑیوں میں سفر کرنیوالوں کے پیٹ میں مروڑ اُٹھے ہیں : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے لاہور فیڈر بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ فیڈر بس سروس کے تحت200 ائرکنڈیشنز بسیں 14 فیڈر روٹس پر صبح6 بجے سے رات 11بجے تک رواں دواں ہوںگی، یہ بسیں میٹروکے پورے روٹ پر130کلو میٹر تک کا علاقہ کورکریں گی اور روزانہ1لاکھ20 ہزار مسافر اس سروس سے مستفید ہوں گے۔ فیڈر بس سروس ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو میٹرو بس سروس تک لانے اور لیجانے کے حوالے سے انتہائی سود مندثابت ہوگی اور اس جدید فیڈر بس سروس کا شہریوں کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی، اسلام آباد اور ملتان میٹروبس سروس کے روٹس پر بھی فیڈر بس سروس چلانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو بہترین سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی سے اشرافیہ کے دل میں یہ سوال کانٹے کی طرح چھبے گا اور انہیں تکلیف ہوگی کہ عام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے کی سبسڈی کیوں دی جا رہی ہے ۔ بڑی گاڑیوں پر اشرافیہ سفر کرے تو وہ ان کا حق ہے اور اگر غریب آدمی کی بات کی جائے تو ان کے دل پر نشتر چلتے ہیں۔ مرسڈیز ، پجارو اور لمبی گاڑیوں میں سفر کرنے والوںکو عام آدمی کو بہترین اور آرام دہ سفری سہولتوں کی فراہمی پر تکلیف ہوتی ہے اور ان کے پیٹ میں مروڑ اٹھتے ہیں اور وہ بلاجواز تنقید کرتے ہیں تاہم مجھے ان باتوں کی کوئی پروا نہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے مجھے عوام کی خدمت کی جو ذمہ داری سونپی ہے میں اسے ہر حال میں نبھاؤں گا اور عام آدمی کی زندگی بدلنے اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے جو کچھ کرنا پڑا کروں گا تاکہ انہیں بھی احساس ہوکہ وہ بھی پاکستانی ہیں۔ اشرافیہ الٹی ہو جائے یا سیدھی مجھے عام آدمی کی خدمت سے نہیں روک سکتی اور میں عام آدمی کی زندگی بدلنے کیلئے دن رات کام کرتا رہوں گا۔ حرام کمانے، لوٹ مار اورقوم کی دولت ہڑپ کرکے محلات اور لمبی گاڑیاں خریدکر کڑے احتساب سے بچ نکلنے والوں کو عام آدمی کے فلاحی منصوبوں پر تنقید کا کوئی حق نہیں بلکہ حرام کی دولت ان سے چھین کر عام آدمی کے قدموں پر نچھاور کرنی چاہئے۔ ہونا تو یہ چاہئے کہ ان کی لوٹی ہوئی دولت واپس لے کرغریب عوام کے فلاحی منصوبوں پر خرچ کی جانی چاہئے۔ اشرافیہ کو تعلیم، صحت اور دیگر تمام بنیادی سہولتیں حاصل ہیں جبکہ عام آدمی ان سے محروم ہے۔ امیر ہر جگہ سے اپنا علاج کرا سکتا ہے غریب کو علاج کے دھکے ملتے ہیں۔ عام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ فیڈربس سروس کا اجراء 23مارچ کے تاریخی دن سے قبل قوم کیلئے شاندار تحفہ ہے ، اشرافیہ بھی اس میں سفرکرے اور میں بھی اس میں بیٹھوں گا۔ شہبازشریف نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ میں ان کی کسی بات کا جواب نہیں دینا چاہتا تاہم نیازی صاحب جس جنگلہ بس کو دن رات رگیدتے رہے ہیںآج وہی جنگلہ بس پشاور میں شروع کا منصوبہ بنا چکے ہیں حالانکہ یہ عام آدمی کو جدید، معیاری اور باکفایت سفری سہولتیں فراہم کرنے کا شاندار نظام ہے۔ میں اسے جنگلہ بس نہیں کہتا بلکہ پشاور کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں یہ ایک شاندار بس سروس ہے جس سے عوام کو سہولت ملے گی۔ انہوںنے کہا کہ میٹروبس سروس پر تنقید کرنے والے نیازی صاحب بھی آج اس سروس کی افادیت پر مجبور ہوکر اپنے صوبے میں اس کا آغاز کر رہے ہیں اور وہ ہمیشہ بہت دیر سے سوچتے ہیں۔میری ان سے اپیل ہے کہ خدارا اب زندگی میں دوبارہ کبھی اسے شاندار عوام کی سفری سہولت کو جنگلہ بس نہ کہیں بلکہ وہ اس منصوبے کی افادیت کے پیش نظر کے پی کے کے عوام کو شاندار سہولت دے رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے میٹروبس سروس کے حوالے سے اپنے کے پی کے کے بھائیوں کی ہرممکن معاونت کی ہے اورانہیں مکمل تفصیلات دی ہیں۔ مجھ پر الزامات لگتے رہتے ہیں، قانون اورانصاف کا نظام رائج کرنا ہے جس سے ظلم و زیادتی کا خاتمہ ہوگا اورانصاف کا بول بالا ہوگا۔ وزیراعلیٰ بس سروس کے افتتاح کے بعد بس میں بیٹھے اور ڈرائیور کے ساتھ گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ کے منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ 22.4 کلو میٹر طویل سڑک کے تعمیراتی کام کے اعلیٰ معیار اور رفتار کو دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے۔ اب تک ہونے والی پیش رفت دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ پراجیکٹ مقررہ مدت میں ہر صورت مکمل ہو گا۔ شہبازشریف سے وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے ملاقات کی اور ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک اور فیڈر بس سروس کے اجرا پر انہیں مبارکباد دی اور کہاکہ آپ نے صوبے کے عوام کی خدمت کیلئے دن رات ایک کر رکھا ہے۔ ورلڈ ڈائون سینڈروم ڈے کے موقع پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ خصوصی بچے معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ ذہنی امراض سے متعلق آگاہی نہایت ضروری ہے تاکہ احتطای تدابیر اختیار کرکے مرض سے محفوظ رہا جا سکے۔