• news

تہمینہ جنجوعہ نے سیکرٹری خارجہ کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ، اسحاق ڈار سے ملاقات

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+سپیشل رپورٹ) جنیوا میں پاکستان کی سابق سفیر تہمینہ جنجوعہ نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیکرٹری خارجہ کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ تفصیلات کے مطابق تہمینہ جنجوعہ نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بحیثیت خاتون سیکرٹری خارجہ کے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ تہمینہ جنجوعہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہی تھیں۔ وہ اٹلی میں پاکستا ن کی سفیر اور متعدد بین الااقوامی اداروں میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکی ہیں۔
نئی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے گزشتہ روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے سیکرٹری خارجہ کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ اپنے وسیع تجربہ کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں گی۔ وزیر خزانہ نے سیکرٹری خارجہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل کوششوں سے پاکستان معاشی استحکام حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے اور اب پاکستان روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے راستے پر گامزن ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مستحکم معاشی صورتحال کے پیش نظر بیرون ملک پاکستانی اور غیر ملکی سرمایہ کار اب پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے۔ اس سلسلے میں بیرون ملک پاکستانیوں اور غیر ملکوں سے پاکستانی سفارت کاروں کو اپنے رابطے مضبوط بنانا ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن