150 سے زائد ملکوں کے شہری پاکستانیوں سے زیادہ مقروض ہیں: رپورٹ
کراچی (این این آئی) پاکستان کی جانب سے ریکارڈ مالیت کا قرض لینے کے باوجود عوام پر قرضوں کا بوجھ اب بھی دوسرے ملکوں کی نسبت کافی کم ہے۔ دنیا کے 150 سے زائد ممالک کے شہری پاکستانیوںسے زیادہ مقروض ہیں۔ ملکی قرضوں اور آبادی کے تناسب سے جاپانی دنیا بھر میں سب سے زیادہ مقروض ہیں۔ جاپان کے ہر شہری پر 85 ہزار 700 ڈالر قرضوں کا بوجھ ہے۔ دوسرے نمبر پر آئر لینڈ ہے۔ جس کا ہر شہری 67 ہزار 147 ڈالرکا مقروض ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2016 کے اختتام پر سنگاپور کا ہر شہری 56 ہزار 113 ڈالر، بلجیم کا ہر شہری 44 ہزار 202 ڈالر اور ہر امریکی 42 ہزار 504 ڈالر کا مقروض تھا۔ تاہم پاکستان کے ہر شہری کے ذمہ اوسطاً 800 ڈالر کا قرض بنتا ہے۔ ہر بھارتی نے 900 ڈالر، ہر چینی نے 1300 ڈالر اور ہر ایرانی نے 600 ڈالر کا قرض ادا کرنا ہے۔زیادہ قرض دینے والے ٹاپ ٹین ممالک میں کینیڈا کا ہر شہری اوسطاً 42 ہزار 142 ڈالر، اٹلی کا 40 ہزار 461 ڈالر اور ہر برطانوی شہری اوسطاً 36 ہزار 206 ڈالر کا مقروض ہے۔آبادی کے تناسب سے کم ترین قرض لینے والوں میں لائبیریا پہلے نمبر پر ہے، جس کا ہر شہری صرف 27 ڈالر کا مقروض ہے، تاجکستان کے ہر شہری پر اوسطا قرض کا بوجھ صرف 50 ڈالر ہے۔
شہری مقروض