کرد ملیشیا سے معاہدہ‘ روس شام میں فوجی اڈے بنائے گا …
برسلز‘ دمشق (این این آئی + رائٹرز) شام کے دارالحکومت دمشق کے نواح میں باغیوں اور شامی فوج میں گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ فوج نے حملے کے جواب میں فضائی حملے کیے جبکہ باغیوں نے جوبر کے علاقے میں حملے کے لئے خفیہ سرنگوں کا بھی استعمال کیا۔ دمشق میں سرکاری فوج نے عسکری اہمیت کے حامل عباسی سکوائر کے تمام راستے بند کر دیئے جبکہ شہر دھماکوں سے لرز اٹھا ہے۔ ادھر شہریوں پر کیمیائی حملوں میں ملوث ہونے کے الزام پر یورپی یونین نے شامی فوج کے 4 افسروں پر پابندیاں لگا دیں۔ نام بلیک لسٹ میں شامل کر دئیے گئے۔ روس اور چین نے یورپین میں ایسی قرارداد کو ویٹو کر دیا تھا۔ شامی کمپنیوں کو بھی ہدف بنایا گیا ہے جو کلورین گیس والے ہتھیار تیار کرتی ہیں۔ ان کے یورپ سفر پر پابندی ہو گی۔ ان کے اثاثے منجمد کئے جائیں گے۔ روس نے شام میں فوجی اڈہ قائم کرنے کیلئے کردش ملیشیا سے معاہدہ کیا ہے۔ وائی پی جی کے ترجمان ایڈا نے تصدیق کی ہے۔