• news

کرکٹر شرجیل‘ شاہ زیب کا بھی بیان ریکارڈ‘ الزامات ماننے سے انکار ایف آئی اے‘ پی سی بی مشاورت سے کام کریں ورنہ جگ ہنسائی ہو گی‘ نثار

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ آن لائن + آئی این پی) پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں معطل شرجیل خان اور شاہ زیب حسن نے بھی ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو کر اپنے بیانات ریکارڈ کروا دئیے۔ ایف آئی اے نے سپاٹ فکسنگ کیس میں 5 کھلاڑیوں کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں جن میں سے محمد عرفان اور خالد لطیف نے پیر کو ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرایا تھا۔ انگلینڈ میں موجود ناصر جمشید کو بھی پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا لیکن برطانوی پولیس نے کرپشن کیس میں ان کا پاسپورٹ لے رکھا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی انکوائری کمیٹی پاکستان سپر لیگ سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ناصر جمشید کے ملوث ہونے کے معاملے کی تحقیقات کیلئے برطانیہ جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق ناصر جمشید سے تفتیش کیلئے دو رکنی تفتیشی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل ریٹائرڈ اعظم اور بورڈ کے قانونی منیجر سلمان نصیر ویزا موصول ہونے پر معاملے کی تحقیقات کیلئے فوری طور پر برطانیہ جائیں گے۔ آن لائن کے مطابق مشکوک افراد سے مبینہ رابطوں پر پی سی بی کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹر کامران یونس کے خلاف ایکشن کا امکان ہے۔ نیٹ نیوز کے مطابق سپاٹ فکسنگ کیس میں معطل چاروں کھلاڑیوں خالد لطیف، محمد عرفان، شرجیل خان اور شاہ زیب حسن نے ایف آئی اے کے سامنے بیانات قلمبند کراتے ہوئے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ صحافیوں نے شرجیل خان سے سوال کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے بات کرنے سے انکار کردیا اور کہا انہیں بولنے سے منع کیا گیا ہے۔آئی این پی کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے سپاٹ فکسنگ کیس کے حوالے سے متضاد خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے پی سی بی اور ایف آئی اے کو باہمی مشاورت اور معاونت سے کام کرنے کی ہدایت کردی اور کہا یہ تاثر قطعی طور پر نہیں ہونا چاہیے۔ دونوں اداروں میں کوئی اختلاف ہے یا دونوں مختلف سمت میں کام کر رہے ہیں اس سے جگ ہنسائیکے ساتھ کیس کی تفتیش پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔فکسنگ کیس کی تفتیش کو ملکر آگے بڑھایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن