افغانستان نے پاکستانی سرحد کیساتھ دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرا دی
اسلام آباد (شفقت علی، دی نیشن رپورٹ) افغانستان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستانی سرحد کے ساتھ چھپے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے پوری دنیا کی حمایت پاکستان کو حاصل ہے جن میں امریکہ، برطانیہ اور اقوام متحدہ بھی شامل ہیں۔ امریکہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور افغانستان کو مل کر کام کرنے کی درخواست کی ہے۔ کابل کی طرف سے بہتر جواب دیا گیا ہے ہمیں امید ہے مذاکرات کا عمل جاری رہے گا اور کشیدگی کا مسئلہ حل ہو گا۔ دفاعی تجزیہ کار ڈاکٹر محمد خاں نے کہا افغانستان کو دونوں ممالک میں امن کیلئے سرحد کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف مخلص ہو کر کارروائی کرنی چاہیے۔ ڈاکٹر ہما بقائی نے کہا افغانستان کو بھارت کے ہاتھوں نہیں کھیلنا چاہیے۔