براہمداغ کے ذریعے ’’را‘‘ کیلئے کام کیا‘ پنجاب رینجرز کے سامنے ہتھیار ڈالنے والے فراری کمانڈر کا اعتراف
لاہور + راولپنڈی (نامہ نگاران + نوائے وقت رپورٹ) ایک بلوچ فراری کمانڈر نے 20 ساتھیوں سمیت خود کو پنجاب رینجرز کے حوالے کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فراری کمانڈر نے اعتراف کیا کہ وہ براہمداغ بگٹی کے ذریعے بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ’’را‘‘ کے لئے کام کرتے تھے۔ انہیں کئی عشروں سے غلط معلومات فراہم کی جا رہی تھیں، جو حقیقت کے بالکل برعکس تھیں۔ ہتھیار ڈالنے والے کمانڈر نے ماضی کی کارروائیوں پر معذرت کی، جس کی وجہ سے ریاست کو نقصان پہنچا۔ ساتھ ہی انہوں نے ایک نارمل زندگی گزارنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب ملکی سلامتی کے لئے کام کریں گے اور دیگر فراریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومت پاکستان کے سامنے ہتھیار ڈال دیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر نوید حیات خان نے آپریشن ردالفساد کے سلسلے میں رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے کردار کو سراہا ہے۔ ننکانہ صاحب میں زیر تعمیر موٹر وے پر کام کرنے والے 13 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ قصور میں سرچ آپریشن کے دوران باجوڑ ایجنسی سے تعلق رکھنے والے 17 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پاک ایران سرحدی علاقہ ماشکیل میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 1080 کلو افیون اور ایس ایم جی کے بڑی تعداد میں رائونڈز برآمد کر لی۔